نوازشریف کو صرف اتنا کہا فوج عدلیہ سے نہ لڑو‘ واپسی کی گنجائش نہیں : نثار
اسلام آباد+ ٹیکسلا، واہ (وقائع نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے بے وفائی میں نے نہیں کی۔ نوازشریف نے مجھ سے بے وفائی کی۔ میاں نوازشریف بتائیں میں نے مسلم لیگ ن کےخلاف کونسا بیان دیا۔ میں نے تو ان سے صرف اتنا کہاکہ فوج اور عدلیہ سے لڑائی نہ کریں۔ نوازشریف نے مجھے تو ٹکٹ ہیں دیا اور نہ ہی میں نے مانگا لیکن نوازشریف کو گالیاں دینے والوں کو پارٹی ٹکٹ دے دئیے۔ اپنا راستہ چُن لیا ہے واپسی کی کوئی گنجائش نہیں۔ مسلم لیگی ہوں میرے خون میں مسلم لیگی کا خون رچا بسا ہوا ہے۔ میں نے ایک ہی راستہ لیا ہے۔ پی ٹی آئی سے کوئی سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو رہی ہے اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے۔ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے میاں شہبازشریف کا بیان پازٹیو ہے لیکن اب اس کی کوئی اہمیت نہیں ۔ میں نے تو اپنا راستہ لے لیا ہے۔ انہوں نے یہ بات اتوار کی شام مجلس العلما اسلام کے زیراہتمام تقریب سے خطاب اور بعدازاں صحافیوں سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں واہ کینٹ اور ٹیکسلا کے تمام مکاتب فکر کے علماءکرام نے عام انتخابات میں چودھری نثار علی خان کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ میں نے اپنے ایمان اور ضمیر کے مطابق کام کیا ہے۔ 1985ءمیں مولانا عبداللہ، مولانا عبدالستار توحیدی اور مولانا قاری سعید الرحمن نے میرا ہاتھ پکڑ کر ٹیکسلا کے لوگوں کے پاس لے گئے اور ضمانت دی کہ یہ نوجوان دین کی خدمت کرے گا۔ ایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے شرمندگی ہو، قبضہ گروپوں کے خلاف جہاد کیا، میرے حلقہ کے عوام نے مسلسل 8بار قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہوا ہوں۔ میں پاکستان کا واحد سیاست دان ہوں جس نے واشنگٹن میں امریکہ کے صدر اوباما کی موجودگی میں کلمہ حق بلند کیا اور کہاکہ ہر داڑھی والا اور حجاب کرنے والی خاتون خودکش بمبار نہیں۔ مسلمان دہشت گرد نہیں، اسلام امن پسند ملک ہے، اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر اسلام کا دفاع کیا۔ مسلم لیگ میرے خاندان کے خون میں ہے۔ چودھری نثار علی نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں نے ہر پلیٹ فارم پر اسلام کی سربلندی کیلئے آواز اٹھائی، میں نے ملک کو بہت بڑے فساد سے بچایا اور اپنا فرض ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے پوچھنا ہے کہ کیا آج مسلم لیگ نظریاتی جماعت ہے؟ نیب اور دیگر کسی اور ادارے میں میرے خلاف کوئی مقدمہ اور کیس نہیں۔ ترجمان چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے ایک نجی ٹی وی چینل کی جانب سے چوہدری نثار علی خان کی تقریر کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جانا نہایت افسوس ناک اور قابل مذمت امر ہے جو کہ صحافتی اقدار کے صریحاً منافی عمل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مذکورہ چینل کی جانب سے تقریر کے مختلف جملوں کو توڑ مروڑ کر غیر ضروری طور پر میاں نواز شریف سے منسوب کیا جانا بھی نہایت افسوس ناک امر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ٹیکسلا میں کی جانے والی تقریر کا ایک ایک لفظ ریکارڈ پر ہے اور اس تقریر کا سیاق و سباق اور اسکے مندرجات حلقے کی سیاست سے متعلق تھے۔ چوہدری نثار علی خان نے آج تک میاں نواز شریف سمیت کسی بھی سیاسی رہنما اور شخصیت کے لیے کبھی نازیبا الفاظ استعمال نہیں کیے۔
ترجمان/ نثار
نثار