• news

پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں بھی 8 فیصد تک اضافہ‘ مہنگائی کا طوفان‘ کرائے بڑھ گئے

اسلام آباد/ لاہور (خصوصی نمائندہ+ خبرنگار+ نیوز رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) سپریم کورٹ کے نوٹس لینے کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سیلز ٹیکس کی شرح میں 8 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان ملک میں آئے گا۔ ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول اور مٹی کے تیل پر سیلز ٹیکس 12 فیصد سے بڑھاکر 17 فیصد، ہائی سپیڈ ڈیزل پر 24 فیصد سے بڑھاکر 31 فیصد جبکہ لائٹ ڈیزل آئل پر سیلز ٹیکس 9 فیصد سے بڑھاکر 17 فیصد کر دیا گیا ہے۔ نیوز رپورٹر کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیاطوفان آنے سے شہریوں کو روزمرہ ضروریات کی اشیاءکے ساتھ کرایوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ نگران حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شہریوں میں اس بات کی تشویش بڑھ گئی ہے کہ وہ مہنگائی کا کیسے سامنا کریں گے۔ عوام نے پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتے ہی بازاروںاور مارکیٹوں میں پرچون سطح پر قیمتیں معمول سے زیادہ رہتی ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ پر مسافروں کی جیب پر یہ اضافہ بجلی بن کر کرے گا۔ ایسی صورتحال میں شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے، رکشہ یونین نے لاہور اور مضافات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا، مانگا روڈ پر رکشہ یونین نے روڈ بلاک کر کے احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ دکانداروں نے نگران حکومت کے فیصلے کو جواز بناتے ہوئے پرچون سطح پر قیمتوں میں از خود اضافہ کر دیا جبکہ ٹرانسپورٹرز نے کرایوں بڑھانے اور فلور ملوںنے بھی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دیدیا۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق سابق اپوزیشن لیڈر رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے نگراں حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا خورشید شاہ نے ایک بیان میں کہا پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ انہوں نے کہا سابقہ حکومت کی مصنوعی معاشی ترقی کا بھانڈہ پھوٹ چکا ہے گزشتہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کی سزا عوام کو نہ دی جائے۔ نگران حکومت کو گزشتہ حکومت کی ڈگر پر نہیں چلنا چاہیے اور عوام سے جینے کا حق نہ چھینے۔ لاہور سے خبر نگار کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نگران حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا نگران حکومت صاف و شفاف انتخابات کرائے، عوام پر بوجھ نہ ڈالے۔انہوں نے مطالبہ کیا تیل کی قیمتوں میں اضافہ فوراواپس لیا جائے۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے پٹرول کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ اضافہ بہت بڑا ظلم ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ واپس لیا جائے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پاکستانی قوم پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے غریب عوام پر اور زیادہ بوجھ پڑے گا۔انہوںنے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ کا بہانہ بنا کرپٹرول کی قیمتیں بڑھا دیناکسی طور درست نہیں۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر اپنے ردعمل میں کہا ہے نگرانوں کو بار بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا کوئی حق نہیں، نگران حکومت بھی سابقہ حکومتوں کے نقش قدم پر چل پڑی ہے اور ایک ماہ میں تیل کی قیمتوں میں دو بار اضافہ کر کے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا نگران حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام کی پریشانیوں اور مشکلات میں مزید اضافہ نہ کرے۔ نیٹ نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے نگران حکومت کے دور میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار شریف برادران کو قرار دیا ہے۔ اسلام آباد پریس کلب میں گفتگو کے دوران اسد عمر نے کہا میاں صاحب کی معاشی پالیسی نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا۔ انہوں نے کہا 5 برس کے دوران تاجر برادری مسلم لیگ ن کی پالیسیوں پر سخت مایوس رہی، عمران خان وزیراعظم بن کر تاجر برادری سے براہ راست تعلق رکھیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما نے ق لیگ کے ساتھ ملکی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا اب مقابلہ معیشت کا ہے۔ صباح نیوز کے مطابقمرکزی علماءکونسل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت کے اس اقدام سے ملک میں مہنگائی کاایک نیا طوفان آئے گا۔نگران حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے۔نگران حکومت کے پاس پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی مینڈیٹ نہیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کااز خود نوٹس لیکر ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔ مرکزی علماءکونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے لاہور میں علماءسے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کرنے کے بجائے اپنے شاہانہ اخراجات کم کرے۔ نگران حکومت کے اس اقدام سے ملک میں مہنگائی، بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود نگران حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ماہ اضافہ عوام دشمنی ہے۔ نگران حکومت نے ہر ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ نگران حکومت غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے۔ناکام معاشی پالیسیوں کی سزا عوام کونہ دی جائے۔ جان لیوا مہنگائی کے باوجود پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے لوگ غربت سے تنگ آکر اپنے بچے فروخت کرنے یا خودکشی کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا مہنگائی کے طوفان سے مزدور،کسان، تاجراور غریب عوام براہ راست متا¿ثر ہورہے ہیں۔ حکومت مہنگائی اور غربت کے خاتمے کیلئے پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لے۔ صباح نیوز کے مطابق سیاسی جماعتوں نے نگراں حکومت کی طرف سے تیل کی مصنوعات کے نرخوں میں غیر معمولی اضافے کے خلاف سینیٹ میں شدید احتجاج کا فیصلہ کر لیا۔ اس معاملے پر نگران حکومت کو 9جولائی سے شروع ہونے والے سینٹ اجلاس میں ٹف ٹائم دیا جائے گا۔ عوامی ریلیف کا مشترکہ مطالبہ کیا جائے گا۔ ان جماعتوں میں سرفہرست پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور قومیت پرست جماعتیں شامل ہیں۔ آن لائن کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے ترجمان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اضافے کو غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کی گھناو¿نی سازش قرار دیا ہے۔ انہوں نے صدر پاکستان اور نگران وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔
پٹرول/ مہنگائی

ای پیپر-دی نیشن