• news

جمعرات کو منشور پیش کرینگے، دھرنے والوں کا صفایا ہو جائیگا: مریم اورنگزیب

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے ہم الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے، مسلم لیگ ن 5 جولائی کو اپنا منشور پیش کریگی۔ 25 جولائی کو عوام وفاداریاں بدلنے والوں کو مسترد کر دیں گے۔ دھرنا والوں کا بھی صفایا ہو جائے گا۔ گزشتہ روز ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاﺅن ایچ 180 مسلم لیگ ن کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا حمزہ شہباز مریم نواز کی انتخابی مہم چلائیں گے، مریم نواز کی واپسی ان کی والدہ کی صحت کے ساتھ مشروط ہے۔ انہوں نے کہا بائیکاٹ وہ کرتے ہیں جن کی کوئی کارکردگی نہ ہو۔ مسلم لیگ ن اپنی پانچ سالہ کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن میں جا رہی ہے۔ دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، طویل عرصے سے زیرالتوا لواری ٹنل، نیلم جہلم پراجیکٹ جیسے قومی منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ ن کا کریڈٹ ہے، 25 جولائی کو مسلم لیگ ن کو ووٹ ملے گا۔ عمران خان لوٹوں کی مدد سے جو انقلاب لانا چاہتے ہیں وہ منہ کی کھائیں گے۔ ہم نے عوام کی خدمت کی ہے، ہمارے قائد نے سو سے زائد پیشیاں بھگتی ہیں۔ 25جولائی کو پاکستان کے عوام شیر پر مہر لگا کر مسلم لیگ (ن) کو جیت سے ہمکنار کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 127میں مسلم لیگ (ن) کے انتخابی دفتر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم مریم نواز کی این اے 127کے کی انتخابی مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔ 25جولائی کو فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے حق میں آئے گا۔
مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن