• news

الیکشن بائیکاٹ کی خبر شرانگیز‘ عمران نے خیبر پی کے کا بیڑہ غرق کیا‘ نہ جانے پاکستان کیساتھ کیا کرے : شہبازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے مسلم لیگ ن کی طرف سے الیکشن کے بائیکاٹ کی خبر کو شرانگیز قرار دیتے مسترد کر دیا۔ گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہم مسلم لیگ ن کے حوالے سے الیکشن میں حصہ لینے کے لئے مطالبات پیش کئے جانے کی شرانگیز خبر کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنا مقدمہ اپنی کارکردگی کے حوالے سے عوام کی عدالت میں پیش کر چکے ہیں جو کہ 25 جولائی کو اس پر اپنا فیصلہ دیں گے۔ انٹرویو کی مزید تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے کہا پنجاب میں تمام ترقیاتی کاموں میں ایک ایک پیسہ اپنے وسائل سے لگایا، ہم پر قوم نے اعتماد کیا تو اگلے پانچ سال میں پاکستان کو ہیلتھ کیئر میں ترکی اور ملائیشیا کے ہم پلہ لے آئیں گے نواز شریف کی نااہلی پانامہ لیکس پر نہیں بلکہ اقامہ پر ہوئی، عمران خان کہتے تھے کے پی کے کو سینٹر آف ایکسیلینس بنا دینگے مگر بتایا جائے وہاں کونسا نیا ہسپتال اور سکول بنایا گیا؟ انہوں نے کہا پنجاب کے 136 اضلاع میں سی ٹی سکین مشینیں لگی ہوئی ہیں اور ہر ضلعی ہسپتال میں زہریلا مواد ختم کرنے کے لئے پلانٹس لگائے گئے ہیں۔ ہم نے ہسپتالوں میں پتھالوجی لیبز بنوائی ہیں، سٹی سکین کا خرچ حکومت پنجاب برداشت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے مختلف منصوبوں میں عوام کے اربوں روپے بچائے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی جانب سے ایک ہی نوعیت کے کیسز میں مختلف فیصلے آئیں گے تو عوام میں چہ میگوئیاں تو ہونگی۔ عدلیہ کے وقار میں اسی وقت اضافہ ہو گا جب عدلیہ کے فیصلوں کو عوام دل سے قبول کر ے۔ پانامہ لیکس میں تو نواز شریف کا نام بھی نہیں ہے۔ الیکشن کے بائیکاٹ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی تک ایسی کوئی بات ہمارے ذہن میں بھی نہیں۔ جب تک کہ ایسے کوئی ثبوت سامنے نہیں آجاتے الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کروانے سے قاصر ہے ۔ خدانخواستہ ایسا کوئی موقع آیا تو پھر ہم دیکھیں گے ۔ ابھی ہم صورتحال کو جانچ رہے ہیں اور اسی پر اپنا ردعمل دے رہے ہیں ۔ نیب نے پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کو اپنے نشانے پر لیا ہوا ہے۔ پری پول رگنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے الیکٹیبلز ہمیں چھوڑ گئے ہیں مگر ہمارا ووٹر پہلے سے بھی زیادہ جوش و جذبے سے ووٹ ڈالنے کے لئے تیار ہے۔ ہمیں اپنی انتخابی کمپئن چلانی ہے اور عوام کو کارکردگی کا بتانا ہے۔ پانچ سال گزرنے کے بعد عمران خان نے پشاور میں جنگلہ بس شروع کروا دی۔ عمران خان نے الزام لگایا لاہور میٹرو 70 ارب روپے میں بنی مگر وہ اس بات کے حق میں کوئی ثبوت نہیں لائے۔ ساہیوال کول پاور پلانٹ ہم نے 22 سے 26 مہینوں میں لگا دیا جب کہ چائنہ میں بھی ایسے منصوبے 34 مہینوں میں لگے ہمیں اب منصوبے سے 2 فیصد منافع بھی ملے گا ۔ شہباز شریف نے کہا میں نے گورننس میں اس صوبے کو اپنا خون پسینہ دیا ہے اور بجلی کے منصوبے مکمل کرائے ہیں اس میں میرا نہیں ملک وقوم کا فائدہ ہے۔ میں اور میاں نواز شریف مختلف لائنوں پر نہیں چل رہے۔ ہم دونوں کی پہچان ملک میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کی جاتی ہے۔ ہم دونوں کے الفاظ کے چناﺅ میں فرق ہو سکتا ہے مگر ہم دونوں کی سوچ ملک کے غریبوں کی خدمت کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری سوچ ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھ کر اگلے 10 سال کا ایجنڈا بنانا چاہیے کہ ہم اس ملک کو کس طرح چلانا ہے اور آگے لے کر جانا ہے۔ انہوں نے کہا مذہب کو سیاست میں لانے کے اثرات اچھے نہیں ہونگے ۔ میں ریحام خان سے 2014 میں صرف ایک بار ملا اس کے بعد میں کبھی ان سے نہیں ملا نہ ہی کبھی بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھ پر 3 مختلف الزامات لگائے جس پر میں عدالت گیا مگر عمران خان آج تک عدالت میں ہی پیش نہیں ہوا۔ ایسا جھوٹا شخص پاکستان کا کیا حشر کرے گا۔ افتخار چوہدری کے پیچھے ہم نہیں ہیں بلکہ افتخار چوہدری تو ہمارے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔ ریحام کی کتاب کے لئے اگر میں نے ایک دھیلہ بھی دیا ہو تو اس کا ذمے دار ہوں یہ الزام بھی عمران خان نے ہم پر جھوٹا الزام لگایا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی باگ ڈور عمران خان جیسے جھوٹے شخص کے ہاتھ میں کبھی نہ آئے اس نے کے پی کے کا بیڑہ غرق کر دیا نہ جانے پاکستان کے ساتھ کیا کرے گا۔ مسلم لیگ (ن) کا منشور چند دنوں میں جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں 17 ارب کے وظائف دیئے جن سے لاکھوں یتیم بچوں نے تعلیم حاصل کی۔ وفاقی حکومت نے 17اضلاع میں ہیلتھ کارڈ کا اجراءکیا ہم نے چھوٹے کاروبار کے لئے چھوٹے قرضے دیئے۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر سکتے ہیں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائے جانے سے متعلق کہا جنوبی پنجاب میں پنجاب کی 31 فیصد آبادی ہے اور ہم نے جنوبی پنجاب کو 40 فیصد فنڈز دیئے۔ ہم نے جنوبی پنجاب میں متعدد منصوبے لگائے۔ پنجاب میں مزید صوبے بنانے کی قرارداد ہم نے 2010 میں پیش کی تھی۔ جنوبی پنجاب کے سکولوں چھٹی جماعت کی بچیوں کے لئے وظیفہ شروع کیا۔ بہاولپور میں دل کا نیا ہسپتال بنایا ۔ رحیم یار خان میں آئی ٹی یونیورسٹی بنائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لیپ ٹاپ سکیم میںجنوبی پنجاب کا کوٹہ 10 فیصد سے زیادہ رکھا ۔ ہم نے پنجاب کے دیہاتوں کے لئے 100 ارب روپے کی سڑکیں بنائی۔ چھوٹے زمیندار کو آدھی قیمت پر کھاد دی اور بجلی میں بھی سبسڈی دی۔ سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر میرے ہاتھ صاف ہیں خدا گواہ ہے کہ اس معاملے میں میں بے گناہ ہوں۔ ہمارے کاموں کو دیکھ کر عوام ہمیں ووٹ دینگے۔ راجن پور کے ہسپتال پاکستان کے کسی پبلک ہسپتال سے مقابلہ کریں پنجاب میں گنے کی قیمت 180 روپے فی من رکھی۔


شہبازشریف

ای پیپر-دی نیشن