• news

پشاور میٹرو بس منصوبہ میں کرپشن کی تحقیقات کا حکم....

اسلام آباد ( نامہ نگار) چیئرمین نیب نے پشاور میٹرو بس منصوبے میں مبینہ کرپشن کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب خیبر پی کے کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔ نیب کے مطابق پشاور ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم میں بدعنوانی کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ منصوبے کی لاگت 49ارب سے بڑھ کر 64ارب روپے ہو گئی۔ منصوبہ مقررہ وقت کے اندر کیوں مکمل نہیں ہوا۔ منصوبے میں تاخیر اور لاگت بڑھنے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ قومی سرمائے کے جائز استعمال کو یقینی بنانے اور کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ مزید برآں قومی احتساب بیورو (نیب ) لاہور کی ٹیم نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی 5 جولائی بروز جمعرات کو طلبی کا نوٹس انکی رہائشگاہ پر وصول کرا دیا جبکہ فواد حسن فواد کو بھی آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کے حوالے سے پوچھ گچھ کیلئے آج (منگل) طلب کرلیا گیا۔ نیب لاہور نے شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں 5 جولائی کو طلب کیا ہے جبکہ اسی سکینڈل میں راولپنڈی کے حلقہ این اے 59 سے چوہدری نثار کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار قمر الاسلام کو بھی نیب نے گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم شہباز شریف کی طلبی کا نوٹس لے کر لاہور میں شہبازشریف کی رہائش گاہ پہنچی جہاں باہر ہی نوٹس وصول کرایا گیا۔ علاوہ ازیں پشاور میں نیب ریجنل بورڈ خیبر پی کے کا اجلاس ہوا جس میں نیب نے خیبر پی کے 3 محکموں میں مبینہ کرپشن کیخلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ جیل اہلکاروں کی یونیفارم اور اسلحہ کی خریداری میں کرپشن ہوئی۔ سکولوں میں لگائے گئے بائیو میٹرک سسٹم میں گھپلے ہوئے۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز اور ڈائریکٹرز کی تقرری میں بے ضابطگیاں ہوئیں۔ دریں اثناءچیئرمین نیب نے تھرپارکر، مٹھی اور چھاچھرو میں پانی کی فراہمی کے منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ پیر کو چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اندرون سندھ تھرپارکر، مٹھی اور چھاچھرو میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دیا ہے جس کے بعد نیب نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے من پسند کمپنی (پاک اوواسسز) کو450 آر او پلانٹ لگانے کا ٹھیکہ دیا اور منصوبے کی طے شدہ رقم 5 ارب روپے بھی ادا کر دی گئی جب کہ کمپنی نے تاحال چند ہی پلانٹس لگائے اور وہ بھی مکمل طور پر فعال نہیں ہیں جبکہ لگائے گئے بیشتر آر او پلانٹس دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث بند ہوگئے۔ نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب نے تھر میں آر او پلانٹس کا پانی ٹینکروں پر فروخت ہونے کا بھی نوٹس لیا ہے، چیئرمین نیب نے حکم دیا ہے کہ تحقیقات کی جائے آر او پلانٹس کا منصوبہ مکمل ہونے سے قبل ہی کمپنی کو پوری رقم کیسے اور کیوں ادا کر دی گئی۔سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فوادکو آج دسویں بار نیب کے سامنے پیش ہونے کے لئے طلب کر لیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق پیش نہ ہونے پر فواد حسن فواد کے خلاف سخت کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔ اس سے قبل فواد حسن فواد نو طلبیوں پر صرف تین بار نیب لاہور کے روبرو پیش ہوئے۔ نیب ٹیم کی جانب سے فواد حسن فواد کو ایک سوالنامہ بھی دیا گیا تھا جس کے جوابات انہوں نے تاحال جمع نہیں کرائے۔نیب ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد کے پیش نہ ہونے کے حوالے سے چیئرمین نیب کو پورٹ دی جا چکی ہے اور اگر اس بار وہ پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف نیب آرڈیننس کے شیڈول دو کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے۔

نیب

ای پیپر-دی نیشن