مستقبل مسلم لیگ(ن) کا ہے: حمزہ شہباز،این اے 127 میں مریم نواز کی مہم اپنے ذمہ لے لی
لاہور (خصوصی رپورٹر) مریم نواز کی حلقہ این اے 127 کی انتخابی مہم کی نگرانی حمزہ شہباز نے اپنے ذمہ لے لی ہے۔ انہوں نے این اے 127 کے کارکنوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پی پی 153 سے امیدوار خواجہ عمران نذیر‘ پی پی 154 سے باﺅ محمداختر‘ پی پی 148 سے امیدوار چودھری شہباز بھی موجود تھے۔ حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ 25جولائی کو مسلم لیگ(ن) بھاری اکثریت سے سرخرو ہوگی اور حکومت بنائے گی۔ کنٹینر پر چڑھ کر الزام تراشی اور گالی گلوچ کرنا بہت آسان ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے عزت دیتا ہے جس نے محنت کی ہو اور کارکردگی دکھائی ہو۔ ہمارا ہر کارکن اپنے اپنے مورچے سنبھال لے، اگر اللہ تعالیٰ نے عزت دی اور مسلم لیگ(ن) کو آپ سب کی کاوشوں سے ایک مرتبہ پھر اقتدار ملا تو بہترین کام کرنے والی تین یوسی کے کارکنوں کو بلاکر ان کو مبارکباد کے ساتھ عہدے بھی دیں گے۔ کارکن عزم ویقین کے ساتھ انتخابی مہم میں گلی گلی پھیل جائیں، ان کے پاس عوام کو بتانے کیلئے پنجاب اور وفاقی حکومت کے ایسے اقدامات ہیں جن کا کسی دوسری حکومت سے کوئی مقابلہ نہیں۔ پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے جھوٹ پر مبنی سیاست کی جبکہ میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف نے نیک نیتی کے ساتھ اور دل وجان سے پاکستان کی خدمت کی ہے۔ علاوہ ازیں این اے 127 میں مریم نواز کی انتخابی مہم ڈور ٹو ڈور جاری ہے اور سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ مسلم لیگی کارکن میاں ضیاءزندہ شیر لے کر مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کے مرکزی دفتر پہنچ جاتے ہیں۔ میاں ضیاءنے نوائے وقت کو بتایا کہ 25جولائی کو پولنگ والے دن وہ اصل شیر کو گلی گلی لے جائیں گے۔
حمزہ شہباز