• news

اسٹیبلشمنٹ سے ساز باز کر کے پارٹی کو نقصان پہنچانے پر وٹو‘ شوکت بسرا سمیت 7 پی پی عہدیدار فارغ

لاہور (فرخ سعید خواجہ) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب میں بعض پارٹی عہدیداران کی اسٹیبلشمنٹ سے سازباز کرنے کا انکشاف ہونے پر پیپلز پارٹی نے منظور وٹو، انکے بیٹے اور بیٹی، پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شوکت بسرا، ملتان ڈویژن کے صدر ملک نوشیر لنگڑیال، جنرل سیکرٹری ڈیرہ غازی خان ڈویژن سردار غلام فرید میرانی اور جنرل سیکرٹری ضلع لیہ ڈاکٹر جاوید اقبال گنجیال کو فی الفور ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اس فیصلے کی پیشگی منظوری حاصل کی گئی تھی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ جنوبی پنجاب کے ان عہدیداران نے الیکشن 2018ءمیں پیپلز پارٹی کو جنوبی پنجاب میں خوفناک نقصان پہنچانے کی سازش کی۔ ان کی جانب سے انتخابی نشان لینے تک کے مرحلے میں پارٹی کی جانب سے الیکشن لڑنے پر آمادگی ظاہر کی جاتی رہی لیکن آخری مرحلے پر وہ آزاد حیثیت میں ونگز بناکر الیکشن لڑنے کیلئے سامنے آگئے۔ پارٹی اس صورتحال پر تشویش میں مبتلا ہوگئی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منظوری سے جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب سید احمد محمود نے جنوبی پنجاب کے ان 4 عہدیداران کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے عہدوں سے برطرف کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب منظور وٹو کو بھی پارٹی کے مرکزی نائب صدر کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ منظور وٹو کے بیٹے خرم جہانگیر وٹو اور بیٹی روبینہ وٹو کو بھی تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے پر پارٹی عہدوں سے برطرف کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے اعلامیہ کے مطابق عہدیداروں کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر نکالا گیا۔ واضح رہے کہ شوکت بسرا نے خود قومی اسمبلی کے حلقہ169 اور صوائی حلقوں سے پیپلزپارٹی کے امیدوار لانے کا اعلان کیا تھا اور انتخابی نشان لینے تک مرحلے میں پارٹی کی طرف سے الیکشن لڑنے کا کہتے رہے۔ شوکت بسرا کے آخری وقت میں خود اور صوبائی نشستوں پر دیگر پی پی امیدواروں کے تیر کے نشان پر الیکشن لڑنے کی بجائے آزاد الیکشن لڑنے کے لئے میدان میں آ گئے۔ جس سے مذکورہ حلقوں میں اب پیپلزپارٹی کا کوئی امیدوار نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ نے مسلم لیگ ن کے بعد پیپلزپارٹی پر ہاتھ صاف کرنا شروع کر دیئے اور بعض پی پی رہنماﺅں نے پارٹی ٹکٹ کی بجائے آزاد الیکشن لڑنے کو ترجیح دی ہے۔ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر سید احمد محمود نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت نے نہ صرف ان عہدیداروں کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا ہے بلکہ جس جس نے بھی پارٹی سے غداری کی انہیں فارغ کرنے کا کہا ہے۔
پی پی/سازباز

ای پیپر-دی نیشن