• news

کوئی سنجرانی وزیراعظم بن سکتا ہے‘ زرداری : سازش کے تحت پتھراﺅ کیا گیا : بلاول

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) نوازشریف کے بعد زرداری بھی آزاد امیدواروں کے بارے میں بول پڑے۔ آصف زرداری نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ اگر آزاد امیدوار زیادہ جیت گئے تو ڈکٹیٹ کریں گے۔ کوئی سنجرانی بھی وزیراعظم بن سکتا ہے۔ جنگ اور محبت میں سب جائز ہے، کچھ امیدوار خود آزاد لڑ رہے ہیں، کچھ کو آزاد لڑوایا جارہا ہے۔ خان صاحب الیکشن کے بعد پیپلزپارٹی سے اتحاد کے دروازے خود بند کرچکے۔ شہبازشریف نے بی بی کی سالگرہ پر بیان دے کر اچھا کیا‘ یہ سیاست ہے۔ پنجاب میں آزاد امیدوار زیادہ جیتیں گے ہر جگہ آزاد امیدوار کھڑے ہوگئے ہیں۔ ہر ادا میں ایک پیغام ہوتا ہے‘ میرے گاﺅں سے میرے بندے اسماعیل ڈاہری کو گرفتار کرکے ادا دکھائی گئی۔علاوہ ازیںپاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ جو بے نظیر بھٹو سے ڈرتے تھے آج بلاول بھٹو سے خائف ہیں جب کہ لیاری نے ثابت کیا کہ وہ آج بھی بھٹو کا ہے۔گزشتہ روز پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر پتھراو¿ اور ڈنڈوں سے حملے کے واقعے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جیالے صبر کا دامن ہاتھوں سے نہ چھوڑیں جو صبر کا دامن سنبھال کر رکھتے ہیں ان کا نشانہ خطا نہیں ہوتا، اللہ اور عوام بلاول بھٹو کی حفاظت کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے قائد عوام کا پرچم سنبھال لیا ہے، جو شہید بینظیر بھٹو سے ڈرتے تھے آج بلاول بھٹو سے خائف ہیں، لیاری نے ثابت کیا کہ وہ آچ بھی بھٹو کا ہے۔مزید برآں نجی ٹی وی کو انٹرویو میں آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میرے علاقے سے میرے بندے کی گرفتاری کسی کی ادا ہے اور ہر ادا میں ایک پیغام ہوتا ہے، پنجاب میں زیادہ تر آزاد امیدوار کامیاب ہوں گے، ہر حال میں حکومت نہیں چاہتے لیکن جس نے بھی حکومت بنانا ہوگی اس کو ہم سے بات ضرور کرنا ہوگی، چاہتا ہوں بلاول کو پارلیمانی تجربہ ہو، وہ اپوزیشن لیڈر بھی بنے تو کوئی اعتراض نہیں، بہتر ہوگا کہ اپنی زندگی میں اسے وزیراعظم بنتا دیکھوں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کو دئےے گئے اپنے ایک انٹرویو میں سابق صدر آصف علی زرداری نے نواب شاہ سے اسماعیل ڈاہری کی گرفتاری سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ ایک چھوٹا زمیندار ہے اور میرے ووٹوں کے لیے کام کرتا ہے، میرے علاقے سے میرے بندے کی گرفتاری کسی کی ادا ہے اور ہر ادا میں ایک پیغام ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں زیادہ تر آزاد امیدوار کامیاب ہوں گے، ہر جگہ آزاد امیدوار کھڑے ہورہے ہیں جن میں کچھ ہماری، کچھ نوازشریف اور کچھ عمران خان کی بس سے اترے ہیں۔ ہر حال میں حکومت نہیں چاہتے لیکن جس نے بھی حکومت بنانا ہوگی اس کو ہم سے بات ضرور کرنا ہوگی۔ آصف علی زرداری نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کہا کہ انتخابات میں تاخیر کی آئین میں گنجائش ہی نہیں، سیاسی جماعتوں سمیت سب نے مل کر الیکشن کمشن کو مضبوط بنانا ہے، ارتقا پر یقین رکھتا ہوں انقلاب پر نہیں کیونکہ انقلاب کا مطلب خون خرابہ ہے جبکہ ارتقا کا مطلب امن ہے اور میں اسی لیے ارتقا پر یقین رکھتا ہوں، میں نے کسی سے کوئی ڈیل نہیں کی، عمران خان کی مجھ پر تنقید ان کا جمہوری حق ہے۔

زرداری

کراچی/ٹھٹھہ/ گھارو (سٹاف رپورٹر+نامہ نگاران) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا منشور عوام کے دل میں ہے، آپ میرا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو جیسا ساتھ دیں پاکستان کی تقدیر بدل دوں گا۔ ٹھٹھہ میں پریس کلب کے سامنے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم نے ماضی میں بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ جیسے انقلابی پروگرام دئیے، اب دیہات میں بھوک و افلاس کو ختم کرنے کےلئے فوڈ سٹور قائم کریں گے جہاں عوام کو اناج فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ٹھٹھہ میں اربوں روپے کے بہت سے ترقیاتی کام کروائے جن میں کراچی سے ٹھٹھہ تک ڈبل کیرج روڈ‘ ایشیا کا سب سے بڑا دریائے سندھ پر پل‘ نہروں کی لائننگ وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ عوام کے مسائل خود حل کروں گا۔ گھارو سے نامہ نگار کے مطابق چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کا گھارو میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ٹھٹھہ ذوالفقار علی بھٹو کے جیالوں کا قلعہ ہے میں پہلی بار ووٹ مانگنے آیا ہوں مجھے امید ہے مخالفین خالی ہاتھ جائیں گے جبکہ سندھ بھر سے جیالے جیت کر مخالفین کو گھر بھیج دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری میں میرے قافلے پر پتھرا¶ سازش کے تحت کیا گیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ لیاری میں پرتپاک استقبال مخالفین کو برداشت نہیں ہوا اس لئے انہوں نے ہمارے قافلے پر پتھراو¿ کیا۔ بلاول ہاو¿س سے انتخابی مہم کے لئے تین روزہ دورے پر اندرون سندھ روانگی سے قبل کراچی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارا اور عوام کا رشتہ نسلوں پرانا ہے اس لئے جہاں بھی جاتے ہیں وہاں عوام محبتیں نچھاور کرتی ہے۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کے گولاڑچی پہنچنے سے پہلے پنڈال کی بجلی معطل ہو گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق بلاول بھٹو نے لوگوں سے اندھیرے میں خطاب کیا۔ بلاول بھٹو نے گولارچی میں ریلی سے خطاب میں کہا ہے کہ لوگوں کے ہجوم کی وجہ سے دوپہر کی بجائے رات کو پہنچا ہوں۔ میرا اور آپ کا سیاسی نہیں نسلوں کا رشتہ ہے۔ ہمارا اور عوام کا رشتہ منافقت کا نہیں وفاداری کا ہے۔ ہم آپ کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔ عوام شہید بھٹو اور بے نظیر کی طرح میرا ساتھ دیں۔ بی بی کا وعدہ نبھانا ہے، پاکستان بچانا ہے، قائم علی شاہ اور مراد علی شاہ کے ادوار میں تاریخی کام ہوا۔ پاکستان کا بڑا تھیلسیمیا بدین میں بنایا گیا، منشور میں کئے گئے اپنے وعدے نبھاﺅں گا۔ بے نظیر کسان کارڈ کے ذریعے انشورنس اور قرضے دیں گے۔ بے نظیر بھٹو نے چھوٹی عمر میں سیاست شروع کی۔ بہت سے انکل ان کے ساتھ تھے مگر وہ انہیں چھوڑ گئے۔ اب مجھے بھی کچھ انکل اور آنٹیاں چھوڑ رہی ہیں مگر مجھے پرواہ نہیں۔ اقتدار میں آکر گنے کے کاشتکاروں، غریب خواتین کے مسائل حل کریں گے۔ پانی کے بحران پر آواز اٹھائی، نہروں کو بندوں کو پختہ اور آر او پلانٹس لگائے۔ بدین کو ٹریمنٹ واٹر پلانٹ دیں گے۔ بلاول بھٹو نے بدین میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انشاءاللہ ہمارا تھر پاکستان کو بدل دے گا۔ ایک دن تھر پورے پاکستان کو بجلی فراہم کرے گا۔ پورے پاکستان کو بدلیں گے اب میں خود آ گیا ہوں یقین دلاتا ہوں آپ کے مسائل حل کروں گا۔ عوام نے ساتھ دیا تو بھوک مٹاﺅ پروگرام ملک بھر میں متعارف کراﺅں گا جس کے تحت فوڈ کارڈ جاری کریں گے۔ پی پی غربت کے خاتمے کیلئے کام کرے گی۔ پہلے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اب بے نظیر کسان کارڈ دیں گے جس سے بلاسود قرضے اور سبسڈی ملے گی۔ بدین میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے جسے حل کریں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا بےنظیر بھٹو کا بھی بہت سے انکل ساتھ چھوڑ گئے تھے، کچھ انکل اور آنٹیاں مجھے بھی چھوڑ رہے ہیں مگر پروا نہیں، عوام میرے ساتھ ہیں۔ بھٹو اور بینظیر کی طرح بلاول بھی وعدے پورے کرے گا۔

بلاول بھٹو

ای پیپر-دی نیشن