نواز شریف حجاب رکھیں ورنہ معاملات دور تک جائیں گے: نثار
راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ حلقے کے تمام پولنگ سٹیشن سے جیتیں گے، میرے دل میں کسی کیلئے کوئی کھوٹ نہیں۔ انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کا مقابلہ نواز شریف اور شہباز شریف سے کیا جائے، میرے حلقے کا مقابلہ کسی عام ایم این اے کے حلقے سے نہ کیا جائے۔ ساری عمر سر اٹھا کر سیاست کی۔ کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے شرمندگی اٹھانی پڑے۔ معمولی اختلاف پر وزارت داخلہ کو ٹھوکر مار دی۔ نواز شریف کو اداروں پر تنقید نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ نواز شریف کی بہتری کیلئے مشورہ دیا کون سا جرم کیا، مجھے کہا گیا کہ ٹکٹ کیلئے درخواست دیں۔ ٹکٹ کا محتاج ہوتا تو درخواست دیتا۔ مجھ پر رشوت کا کوئی بدنما داغ نہیں، میں نے کوئی فیکٹری یا پٹرول پمپ نہیں لگایا، میں نے اپنے خاندان کی جیبیں نہیں بھریں۔ میں نے 34 سال نواز شریف سے وفاداری نبھائی لیکن نواز شریف نے میرے ساتھ بے وفائی کی۔ نواز شریف کی 34 سالہ رفاقت کا حجاب رکھ رہا ہوں تو وہ بھی خیال کریں۔ نواز شریف کے نمائندے مجھ پر الزامات لگاتے ہیں، نواز شریف حجاب رکھیں ورنہ معاملات دور تک جائیں گے۔ نواز شریف کے پرسوں کے بیان پر بہت دکھ ہوا۔ علاوہ ازیں نوازشریف نے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف قوم کو یہ بتائیں کہ ان کو میرے کون سے بیان پر دکھ ہوا، نواز شریف کو اپنے دکھ کا تو فوری احساس ہو جاتا ہے لیکن جو دکھ اوروں کو پہنچاتے ہیں ان کا انہیں دکھ نہیں ہوتا، نواز شریف کو اس بات سے دکھ کیوں نہیں پہنچا کہ پچھلے چند مہینوں سے انکے پیارے جو کہ جاتی امراء میں رہتے ہیں اور کھاتے پیتے ہیں اور میرے بارے میں لغو بے بنیاد، جھوٹا اور تضحیک آمیز پراپیگنڈا کرتے رہے ہیں۔ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ اگر میرے بیان سے ان کو دکھ ہوا ہے کہ عدلیہ اور فوج سے محاذ آرائی نہ کی جائے تو یہی بات ان کے بھائی میاں شہباز شریف بھی کہتے ہیں اور اب بھی کہہ رہے ہیں۔ پارٹی کے سینئر ارکان بھی یہی کہتے ہیں اس سے تو ان کو دکھ نہیں ہوا۔ دریں اثناء نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا ہے کہ دشمنی میں نے نہیں نوازشریف نے ان کے ساتھ کی ہے، ان لوگوں کو ٹکٹ دیئے جنہوں نے سابق وزیراعظم کو گالیاں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ لندن جانے سے پہلے آپ کے ٹکٹ کا معاملہ حل ہو جائے گا بتایا جائے میں نے پارٹی کیخلاف کونسا بیان دیا۔ چودھری نثار نے یہ بھی کہا کہ مجھے یہ بھی بتایا جائے میں نے کون سی جگہ پارٹی کا ساتھ نہیں دیا۔
نثار