• news

اللہ نے عوام کو ملک کی تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے‘ عمران : کل الیکشن کمشن طلبی

ساہیوال /سرگودھا/ اسلام آباد (محمد شفیق چوہدری سے+ نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نمائندہ) عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے 1970ءکے بعد دوسری بار عوام کو ملک کی تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے قوم کا فرض ہے کہ25 جولائی کو اس کرپٹ نظام کو ہمیشہ کے لیے دفن کر کے ملک میں تبدیلی لائیں، پانچ روز بعد پی ٹی آئی اپنے منشور کا اعلان کرے گی جس میں کسانوں کے لئے خصوصی پیکج دیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار 25 جولائی تک گلیوں سڑکوں اور ووٹروں کے گھروں پر نظر آئیں، میں ان لوگوں سے معذرت خواہ ہوں جنہیں ٹکٹ نہ دے سکا لیکن ٹکٹوں کی تقسیم سروے کروا کر اپنی طرف سے منصفانہ کی ہے۔ میاں نور حیات کلیار نے عمران خان کے کہنے پر پی پی80تحصیل ساہیوال سے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کیا۔ صاحبزادہ قاسم سیالوی اور پیر آف سیال شریف خواجہ حمیدالدین سیالوی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے پی ٹی آئی کی حمایت کر کے محبت اور پیار دیا۔ ان خیالات کا اظہار عمران خان نے دورہ سیال شریف کے موقع پر پریس کانفرنس میں کیا۔ عمران سیال شریف قافلے کے ساتھ پہنچے تو صاحبزادہ محمد قاسم سیالوی،صاحبزادہ محمد نعیم الدین سیالوی نے انکا استقبال کیا۔ عمران خان نے سجادہ نشین آستانہ عالیہ سیال شریف خواجہ محمد حمیدالدین سیالوی سے ملاقات کر کے ملک بھر میں پی ٹی آئی کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کرائی اسکے بعد عمران خان نے دربار شریف پر حاضری دی۔ عمران نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 30سال قبل اسلام کی طرف ایک صوفی بزرگ نے راغب کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ دو چیزوں انسان کی عاجزی اور نبی کریم سے عشق کو پسند کرتے ہیں۔ پیر سیال شریف سے ملکر دلی خوشی ہوئی۔ پی ٹی آئی کے امیدوار مقابلہ کے لیے میدان میں اتریں، ملک کو تبدیل کرنے کے لیے اور قوم کو راستہ بدلنے کے لیے اللہ نے عظیم موقع دیا ہے۔ عمران خان نے ٹکٹ نہ ملنے پر این اے90سے آزاد الیکشن لڑنے والے ممتاز کاہلو این اے92سے آزاد الیکشن لڑنے والے میاں ظفر احمد قریشی پی پی79سے تحصیل سلانوالی سے آزاد الیکشن لڑنے والے امیدوار نذیر احمد سوبھی کا نام لیکر کہا کہ ان لوگوں نے مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا ہے انہیں ٹکٹ نہ دینے پر ان سے معذرت چاہتا ہوں میری ان سے اپیل ہے کہ آزاد الیکشن نہ لڑیں، پی ٹی آئی برسر اقتدار آ کر اہم ذمہ داریاں سونپے گی۔ قبل ازیں صاحبزادہ محمد قاسم سیالوی نے سیال شریف آمد پر عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیر آف سیال شریف نے آپکی حمایت اس لیے کی کہ آپکے اندر چشتیہ سلسلہ کا رنگ قابل دید ہے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے فون کرکے فواد چودھری کی حمایت پر راجہ محمد علی اور راجہ شاہنواز کا شکریہ ادا کیا۔ عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور انتخابات پر مشاورت کی گئی۔ ترجمان لال حویلی کے مطابق عمران خان سے ملاقات میں شیخ رشید نے پی ٹی آئی چیئرمین کو 22 جولائی کو لیاقت باغ میں جلسے میں شرکت کی دعوت دی جسے عمران خان کی جانب سے قبول کر لیا گیا۔ سربراہ پی ٹی آئی آج کراچی پہنچیں گے۔ دوسری جانب الیکشن کمشن نے ٹکٹ پر بیان حلفی سے متعلق درخواست پر عمران خان کل 4جولائی کو طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا۔ درخواست پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے امیداور ملک منیر کے وکیل نے موقف اپنایا کہ تحریک انصاف نے امیدواروں سے غیر قانونی بیان حلفی لیا اور ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی چھوڑنے اور آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے سے روکا گیا۔ دوران سماعت الیکشن کمیشن پنجاب کے ممبر الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ سیاسی جماعت کا ٹکٹ اس کی شرائط پر ہی ملتا ہے، کیا ایسے بیان حلفی دیگر جماعتوں نے بھی لیے ہیں؟ اس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ تمام جماعتیں اس طرح سے حلف لے رہی ہیں جو غیر قانونی ہے اور کسی پارٹی کے منشور کا حصہ نہیں، سیاسی جماعت کسی کو آزاد الیکشن لڑنے سے نہیں روک سکتی۔
عمران

ای پیپر-دی نیشن