جہلم : ایک ہی خاندان کو دو ٹکٹ دینے پر مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر سمیت 22 عہدیداروں نے استعفے دیدئیے‘سیالکوٹ میں ضلعی صدر کا فردوس عاشق کی حمایت کا اعلان
جہلم، سیالکوٹ (نامہ نگاران) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی جنرل سیکرٹری اور مسلم لیگ ن کے سٹی صدر سمےت 22 عہدےداروںنے مسلم لیگ (ن) کے قائدین کی طرف سے جہلم میں ایک ہی خاندان کو دو ٹکٹیں دینے پر احتجاجاً استعفیٰ دیدیا۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ اعجاز محمود جنجوعہ، مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر شاہد رسول ڈار نے پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ یوتھ کے ضلعی صدر اسلام کھوکھر، راجہ عنصر،عامر سلیم میر، مرزا زاہد افضل، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری مقبول حسین، چوہدری سعید اللہ مدبر، تبسم شاہین ڈار، منشی طالب حسین، خواجہ ناصر ڈار، جاوید اصغر بھٹی، الطاف جرال کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے سینکڑوں ورکر موجود تھے۔ مقررین نے کہا کہ سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری لال حسین نے کہا تھا کہ مسلم لیگ کیلئے ہماری 45 سالہ جدوجہد ہے ان کے بڑے بھائی آپ کے ساتھ آپ کے بھتیجے چوہدری ندیم خادم نے کئی دفعہ بغاوت کر کے دوسری جماعتوں سے انتخابات میں حصہ لیا۔ ایک آمر کے دور میں آپ لوگ ق لیگ کے ساتھ ملکر تحصیل ناظم ٹی ایم اے جہلم بنے، آپکی سیاست تو آلو، پیاز کی سیاست ہے جو ہر ہانڈی کی ضرورت ہے ، آپ نے مسلم لیگ (ن) کے ہر ورکر کو اپنے مفادات کیلئے ڈسا آپ کا اور آپ کے قریبی عزیزوں کا کردار لوگ جانتے ہیں، ہمارا مسلم لیگ پر حق ہے اسی لیے ہم مسلم لیگ (ن) کو ضلع جہلم سے کلین سویپ دیتے رہے ہیں، ٹکٹ دینے میں تحصیل سوہاوہ کو نظر انداز کیا گیا تاکہ پی ٹی آئی کے کھڑے امیدوار کو فائدہ پہنچ سکے۔ آج ہم دونوں ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ اعجاز محمود جنجوعہ اور مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر شاہد رسول ڈار اپنے عہدوں سے مستعفیٰ ہوتے ہیں۔ ہم نے اپنا حق سمجھتے ہوئے مسلم لیگ (ن) ورکر ز کے کہنے پر غلط ٹکٹوں کی تقسیم پر احتجاج کیا جس پر ہمیں قائدین نے لاہور بلایا لیکن ہمیں پھر سمجھ نہ آئی ایک ہی گھر میں دونوں ٹکٹ دے دیئے گئے اس لئے مسلم لیگ ن ورکرز گروپ نے مسلم لیگ (ن) کا اصلی وارث چوہدری سعید اقبال حلقہ پی پی 26 سے میدان میں اتارا ہے، انشاءاللہ یہی کامیاب ہوگا۔ اس موقع پر ق لیگ کے ضلعی صدر اور مرکزی انجمن تاجران لوورز گروپ رجسٹرڈ کے صدر محمد عارف چوہدری کی طرف سے طارق محمود دول نے چوہدری سعید اقبال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری مقبول حسین اور راجہ ظفراقبال کونسلر بلدیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) کے اصلی وارث ہیں اور اس کے اصلی وارث چوہدری سعید اقبال کو ہی سپورٹ کریںگے۔دریں اثنا سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر ادریس باجوہ اور انکے ساتھیوں نے وریو خاندان کو پارٹی ٹکٹیں دینے کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے تحریک انصاف کی امیدوار این اے 72ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور پی ٹی آئی کے امیدوار پی پی 38 سعید احمد بھلی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ادریس باجوہ کا کہنا ہے کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں وریو خاندان نے شیر کے خلاف الیکشن لڑا تھا اور جس کسی نے شیر کیخلاف لڑا ہو میں اسکے خلاف ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں ن لیگ میں ہوں لیکن شیر کیخلاف الیکشن لڑنے کی وجہ سے وریو خاندان کی مخالفت کروں گا۔ واضح رہے کہ ادریس باجوہ نے ضلعی کونسل کی ٹیکنوکریٹ سیٹ سے مستعفی ہو کر پارٹی سے ٹکٹ کی درخواست کی تھی لیکن انہیں پارٹی نے ٹکٹ نہیں دیا تھا۔
عہدیداران/ استعفے