• news

حساس پولنگ سٹیشنز پر ویڈیو کیمرے نصب کئے جائیں گے: حسن عسکر ی

لاہور (خصوصی رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے نگران صوبائی وزیر بلدیات، توانائی اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ظفر محمود نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کے دوران عام انتخابات کی تیاریوں، انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور مون سون و ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت الیکشن کمشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو یقینی بنارہی ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے اور پولنگ سٹیشنز پر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔ شفاف منصفانہ انتخابات کا انعقاد نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ 25 جولائی کو پولنگ کیلئے پرامن ماحول کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ووٹرز بلاخوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔ حساس پولنگ سٹیشنز کی نگرانی کیلئے ویڈیو کیمرے استعمال کئے جائیں گے۔ انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے گی اور الیکشن کمشن کے وضع کردہ ضابطہ اخلاق کی ہر صورت پابندی کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث دریائوں میں پانی کی صورتحال کو 24 گھنٹے مانیٹر کیا جائے اورکسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ ہے کہ صحت عامہ کی معیاری سہولتیں فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ صحت اور عوامی فلاح کے دیگر جاری منصوبوں کے لئے فنڈز فراہم کرتے رہیں گے۔ نگران حکومت نئے طویل المدت منصوبے نہیں دے سکتی، تاہم ہماری کوشش ہے کہ ہیلتھ کیئر کے جو منصوبے کم مدت میں مکمل ہو سکتے ہیں، ان کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو کچھ ممکن ہوا ،کریں گے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت عامہ کے منصوبوں کی موثر مانیٹرنگ بے حد ضروری ہے۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے ان خیالات کا اظہار نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جواد ساجد خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعلیٰ آفس میں ان سے ملاقات کی۔ مزید برآں نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ نے ملاقات کی۔ نگران وزیر اعلی ڈاکٹر حسن عسکری کے ساتھ وزیر اعلی آفس میں الگ الگ ملاقاتوں میں وائس چانسلرز نے اپنے تعلیمی اداروں کی کارکردگی اور تعلیمی شعبے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن