• news

بلوچستان اسمبلی توڑنے سے شروع ہونیوالا کام آج بھی جاری ہے: شاہد خاقان

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جو کام بلوچستان کی اسمبلی توڑنے سے شروع ہوا وہ آج بھی جاری ہے جو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں، ہمیں اقتدار کی ہوس نہیں ہے لیکن ہم پاکستان میں جمہوریت کی بات کرتے ہیں، آئین و قانون کی بالادستی کی بات کرتے ہیں، ملکی ترقی کی بات کرتے ہیں اور پاکستان کی ترقی صرف اس وقت ہو گی جب عوام کا فیصلہ سب سے بالاتر ہو گا، میں دعوے سے کہتا ہوں پی پی 10 اور این اے 59 سے فتح انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) اور راجہ قمرالاسلام کی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کلر سیداں میں کارکنوں سے خطاب میں کیا۔ اخلاقی فتح تو مسلم لیگ (ن) نے حاصل کر لی ہے اور عوام نے ہمارے حق میں فیصلہ بھی دے دیا ہے، آج ضرورت اس بات کی تھی کہ الیکشن کمشن نوٹس لیتا۔ بلوچستان میں ایک شخص سے ایک ارب روپیہ کیش برآمد ہوا ہے، اس کی کتنی پیشیاں ہوئی ہیں، کتنے دن اسے ریمانڈ میں رکھا گیا ہے، اس کی خلاف تو آج تک کچھ نہیں ہوا اور ملزم صرف راجہ قمرالاسلام ہے جس کے بارے میں کوئی ایک بھی گواہی نہیں ہے اور نہ ہی کوئی کیس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ سب کچھ بھگتا ہوا ہے، نیب تو پرویز مشرف نے بنائی ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو توڑنے کے لیے تھی اس لیے ہم سب یہ کیسز بھگت چکے ہیں جن میں کوئی حقیقت نہیں ہوتی۔ چیف جسٹس، چیف الیکشن کمشنر، چیئرمین نیب اور نگران حکومت کا کام ہے کہ انتخابات کو صاف و شفاف بنانے میں وہ اپنا کردار ادا کریں، آج سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ انتخابات غیر متنازعہ ہوں۔ ملکی معیشت صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی مضبوط بنا سکتی ہے۔ میں نے پرویز مشرف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ادوار کا جائزہ لیا تو دیکھا کہ ان ادوار میں عوامی فلاح و بہبود کا کوئی ایک بھی بڑا منصوبہ مکمل نہیں ہوا لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ 5 سالہ کارکردگی سب کے سامنے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن