• news

اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے 27 نکاتی منشور کا اعلان

لاہور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان نے 27 نکاتی انتخابی منشور کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ روز اتحاد کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ منشور کے نٖفاذ سے معاشرہ امن و آشتی کا مرکز بنے گا، ملک و قوم کو مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی طرح قرضوں میں دھکیلنے کی بجائے ملکی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے خوشحالی کا سفر شروع کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کرپٹ لوگوں کا راستہ روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، آئین کی شقوں 62, 63پر عملدرآمد میں مکمل طور پر ناکام ہوا ہے جس کی وجہ سے کرپٹ بار بار اقتدار کے ایوان میں پہنچ جاتے ہیں اور اب ایسے لوگوں کیلئے راستہ صاف ہے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ انتخا بی منشور کے نکات بیان کرتے ہوئے کہا کہ منشور کا پہلا نکتہ ملک میں عملا کتاب و سنت کے نفاذ کی ہر سطح پر جدوجہدکا آغاز کرنا ہے ، جبکہ جرائم و دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے حدود الٰہی کا نفاذ، منشورہ میں آئین میں موجود شان رسالت و عقیدہ ختم نبوت سمیت تمام اسلامی دفعات کا تحفظ اور نفاذ یقینی بنایا جائے گا، ہر شہری کے لئے مفت تعلیم و علاج اور عدل و انصاف کی آسان فراہم کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں علامہ زبیر احمد ظہیر کاکہنا تھاکہ ہمارے منشور پر پوری روح کے مطابق عمل کرنے سے موجودہ معاشرہ مثالی معاشرہ بن سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن