• news

بلوچستان ہائیکورٹ: صدر پی پی علی مدد کی نااہلی برقرار، بگٹی کا پوتا عالی اہل

کوئٹہ(آن لائن) بلوچستان ہائیکورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے صوبائی صدر علی مدد جتک کو عام انتخابات 2018 کے لیے نااہل قرار دے دیا۔جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس نذیر لانگو پر مشتمل بلوچستان ہائیکورٹ کے بینچ نے فیصلہ سنایا۔عدالت عالیہ نے ریٹرنگ افسر اور اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے علی مدد جتک کو الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا۔واضح رہے کہ ریٹرننگ افسر نے علی مدد جتک کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے، جس پر انہوں نے اپیلٹ ٹربیونل میں اپیل دائر کی۔تاہم ایپلٹ ٹریبونل نے بھی ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا تھا، جس پر علی مدد جتک نے ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کی تھی۔عدالت عالیہ نے گزشتہ سماعت پر علی مدد جتک کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جس پر عدالت نے کیس کا فیصلہ پیر کو سنا دیا علی مدد جتک ماضی میں جعلی ڈگری کیس میں سزا یافتہ ہیں اور ان کے خلاف مختلف کیسز بھی زیرِ سماعت ہیں۔آن لائن کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ نے سابق گورنر مرحوم اکبر بگٹی کے پوتے عالی بگٹی کے خلاف ریٹرننگ افسر (آراو) اور اپیلٹ ٹربیونل کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے انتخابات 2018ء میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔ عالی بگٹی کے پی بی-10 سے کاغذات نامزدگی ڈیرا بگٹی کے آر او نے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا ان کے مخالف امیدوار نے شکایت کی ہے وہ اپنے اثاثے ظاہر کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن