لاہور ہائیکورٹ نے آشیانہ کرپشن میں ملوث 6ملزموںکی ضمانتیں خارج کر دیں
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے آشیانہ اقبال کرپشن میں ملوث 6 ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں، ضمانت خارج ہونے والے ملزموں میں آشیانہ اقبال کے مرکزی ملزم احد خان چیمہ کے قریبی عزیز بھی شامل ہیں۔ ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کر دیا۔ احد چیمہ کے بہنوئی منصور احمد اور کزن احمد حسن سمیت 6 ملزموں نے ضمانتوں کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ دو رکنی بنچ کے جاری کردہ فیصلے کے مطابق سابق ڈی جی ایل ڈے احد چیمہ کے بہنوئی منصور احمد اور کزن احمد حسن کی عبوری ضمانتیں اور بسم اللہ انجینئرنگ کے ڈائریکٹر منیر ضیاء اور ایل ڈی اے کے آفیسر سجاد بھٹہ کی قبل از گرفتاری درخواست ضمانت اور پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے سی ای او امتیاز حیدر اور پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے کنسلٹنٹ بلال قدوائی کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت خارج کی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے دورکنی بنچ کے روبرو ملزموں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا تھا، کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں لٰہذا عدالت ملزموں کی درخواست ضمانتیں منظور کرے پراسیکیوشن نے عدالت کے روبرو دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا آشیانہ اقبال ہائوسنگ سوسائٹی کرپشن کیس سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے غیرقانونی اقدام کئے جس کے عوض انہیں ننانوے کنال سترہ مرلے زمین ملی جو انہوں نے اپنے اور اپنے قریبی رشتے داروں کے نام ٹرانسفر کرائی۔ پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا ملزم منصور احمد اور احمد حسن کے نام زمین منتقل ہوئی جبکہ پیراگون سٹی کے ڈائریکٹر منیر ضیا،ایل ڈی اے آفیسر سجاد بھٹہ بھی کرپشن میں ملوث ہیں۔ پراسکیوٹر نے زیر حراست ملزموں کی بعد ازگرفتاری کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ملزم امتیاز حیدر اور بلال قدوائی زیرحراست ہیں اور ان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس بھی دائر کردیا گیا ہے۔ پراسکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی ملزموں کی درخواست ضمانتیں مسترد کی جائیں۔ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر چار ملزموں کی قبل از گرفتاری جبکہ دو ملزموں کی بعد ازگرفتاری ضمانتیں مسترد کردیں۔