نئی دہلی : ایک ہی خاندان کے 11افراد کی ہلاکت‘ انکوائری شروع‘ پولیس کو تانترک بابا پر شبہ
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں 11 افراد کی موت پر کی گئی تحقیقات میں تانترک بابا یہاں بھی نکل آیا۔ پولیس کو تانترک بابا کی تلاش ہے‘ سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ تمام 11 افراد پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے۔ چہروں کو کپڑے سے ڈھانپا گیا تھا اور کچھ کو باندھا بھی گیا تھا۔بھاٹیا خاندان کے اس گھر میں 10 افراد کو پھندا لگا کر پھانسی دی گئی جبکہ سب سے معمر خاتون کی موت فرش پر ہوئی۔مرنے والوں میں 7 خواتین اور 4 مرد ہیں ۔ پولیس کمشنر راجیش کھرانا نے کہا تحقیقات سے کچھ بھی واضح نہیں ہو سکا۔ انھوں نے کہا کہ اس معاملے میں تحقیقات جاری ہیں لیکن یہ قتل ہے یا خودکشی اس پر ابھی کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔میڈیا کے مطابق خاندان انتہائی مذہبی تھا۔ لگتا ہے پراسرار موت کی وجہ کسی مذہبی رتبے کا حصول ہے جس کے لئے قربانی دی گئی ہو۔ دستاویزات بھی ملی ہیں۔