• news

پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ ظلم‘ نگران حکومت کو عوامی مسائل سے غرض نہیں: خواتین رہنما

لاہور (لیڈی رپورٹر)خواتین نے صرف اٹھارہ روز بعد ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں زبردست اضافے پر شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے فوری طور پراضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ گزشتہ روز نوائے وقت سروے میں گفتگو میں مسلم لیگ ن کی سابق ارکان اسمبلی سائرہ افتخار اور ڈاکٹر عالیہ آفتاب نے کہاکہ نگران حکومت کو خدا کا کوئی خوف نہیں ایک مہینے کے اندر بارہ روپے اضافہ کردیا، الیکشن سر پر ہے لوگوں کی نقل و حرکت میں اضافہ ہوچکا ہے اور ان دنوں میں پٹرول کی قیمت میں اضافہ کرکے مہنگائی کا بم گرا دیا گیا مگر آج لوگ خاموش کیوںہیں کیا اب عوام کو تکلیف نہیں ہو رہی ہے، اضافے سے رکشہ بسوںکے کرائے بڑھیں گے، گھرمیں مٹی کے تیل کا چولہا کیسے جلے گا، ایسے لگتا ہے حکومت تو کوئی ہے ہی نہیں۔ تحریک انصاف کی سابق رکن پنجاب اسمبلی شنیلاروت اور مرکزی رہنما ثوبیہ کمال نے کہاکہ تحریک انصاف پٹرول کے نرخوں میں ظالمانہ اضافہ کو مسترد کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ پٹرول کے نرخوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کے ہوش اڑا دیئے ہیں۔ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے غریب آدمی اب زندہ درگور ہو جائے گا۔ غربت بھوک و افلاس میں مبتلا عوام اب خودکشی، خود سوزی اور چوری ڈکیتی کرنے پر مجبور ہو جائے گی، نگران حکومت نے صرف ایک ماہ میں ہی دو مرتبہ پٹرولیم مصنوعات، گیس اور بجلی کے نرخوں کو بڑھا کر ثابت کر دیا ہے کہ اسے بھی عوامی مسائل اور ان کے حل سے کوئی غرض نہیں۔ نگران حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کو فی الفور واپس لے ورنہ عوام شدید احتجاج کریںگے۔ پیپلزپارٹی شعبہ خواتین پنجاب کی صدر ثمینہ گھرکی اور جنرل سیکرٹری سونیا خان نے کہا کہ اضافہ بہت تکلیف دہ ہے اس سے مہنگائی کانیا طوفان آئے گا اور غریب آدمی کی زندگی مزید اجیرن ہوگی، اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بے قابو ہوجائیں گی، ٹرانسپورٹرز کرائے بڑھائیں گے اور فلور ملز آٹا مہنگا کر دیںگی، اضافہ کرکے مہنگائی سے نڈھال عوام کو غربت، بھوک اور گھریلو جھگڑوںکے جہنم میں دھکیل دیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین لاہور کی صدر زرافشاںفرحین اور صفیہ ناصرنے کہاکہ اضافہ واپس لیا جائے، اشیائے ضروریہ سبزی چکن دالیں گھی چینی کی قیمتیں پہلے ہی آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ گھریلوخواتین صائمہ نثار اور سائرہ صفدرنے کہاکہ کسی حکمران کوعوام سے کوئی دلچسپی نہیں ، نگران حکمران نے عوام کو ناکوں چنے چبوا دئیے، پٹرول بم گرانے کے بعد اب خودکشیوں میں اضافہ ہوگا، بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلانا مشکل کر دیاگیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن