پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھ جائیگا: لیگی امیدوار
لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ (ن) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7.68 روپے سے14روپے فی لیٹر مجموعی اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام پر بوجھ قرار ددیا ہے۔ مسلم لیگی رہنماؤں ملک ریاض، مہر اشتیاق، خواجہ احمد حسان، سید توصیف شاہ، چوہدری باقر، مہر شبیر ہیرہ اور خواجہ سعد فرخ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں سمیت روزمرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔ مسلم لیگی رہنماؤںنے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ سیلزٹیکس میں 12سے17فیصد اضافہ کرکے پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ سے حکومت کو وقتی طور پر تو ریونیو حاصل ہو جائے گا لیکن اس کے مستقبل میں منفی اثرات مرتب ہونگے۔ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ سے انڈسٹری کی پیداواری لاگت بڑھے گی اور اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا اور مہنگی اشیاء کے باعث بیرون ملک پاکستانی مصنوعات کی مانگ میں کمی کے باعث ملکی برآمدات میں جو پہلے ہی تنزلی کا شکار ہیں مزید کمی سے حکومت کے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے ساتھ ساتھ تجارتی خسارہ میں اضافہ ہوگا۔