• news

ڈیرہ بگٹی: تیل گیس تلاش کرنے والی غیر ملکی کمپنی کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی‘3 افراد جاں بحق‘6 زخمی

کوئٹہ / ڈیرہ بگٹی (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) ڈیرہ بگٹی کے علاقہ ٹوبہ نوحکانی میں سروے کرنے والی نجی کمپنی کی مزدا گاڑی سڑک کنارے سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں تین افراد جاںبحق اور چھ زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت نشویشناک بتائی جاتی ہے جب کہ جاںبحق ہونے والے افراد کی میتوں کو ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق ضلع ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے ٹوبہ نوحقانی میں گیس و تیل تلاش کرنے والی غیر ملکی سروے کمپنی کی گاڑی بارودی سرنگ ٹکرائی۔ جاں بحق اور زخمی ہونیوالوںکا تعلق پنجاب اور سندھ سے بتایا جارہاہے۔ لیویز حکام کے مطابق غیر ملکی کمپنی کی ٹیم معمول کے مطابق سروے میں مصروف تھی۔ گاڑی میں سوار تین افراد موقع پر ہی جان بحق ہوگئے ان کی شناخت عابد حسین، زکریا خان اور اخترخان ہے۔ زخمیوں میں علی عباس محمد وقاص اکمل خان حفیظ الرحمان اور ثنااللہ شامل ہیں۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ نیٹ نیوز کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق پانچ زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ بلوچستان میں پرتشدد واقعات مسلسل دوسرا روز تھا۔ ایک روز قبل بلوچستان کے دو اضلاع آواران اور پنجگور میں دو مختلف حملوں میں آٹھ سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے تھے۔ پنجگور کے واقعے کی ذمہ داری کالعدم لشکر بلوچستان اور کالعدم بلوچستان ری پبلکن آرمی نے مشترکہ طور پر قبول کر لی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن