چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کی شکست خوردہ قومی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد قومی ٹیم نیدرلینڈ سے وطن واپس پہنچ گئی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپئن شہباز احمد سینئر کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، ٹاپ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں پاکستان کی 13 ویں رینک کی ٹیم کا اولمپک چیمپئن ارجنٹینا کو شکست دینا قابل تعریف ہے۔ ایشین گیمز کا کیمپ کب اور کہاں لگے گا اس بات کا فیصلہ ٹیم مینجمنٹ کرے گی۔ چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کی رپورٹ کی روشنی میں ایشین گیمز کی تیاری کے لیے کیمپ میں کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا۔ شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز ہمارا ہدف ہے جس کا نہ صرف فائنل کھیلیں گے بلکہ اسے جیتیں گے۔ چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کوئی رینکنگ ٹورنامنٹ نہیں تھا ایشین گیمز سے پہلے ہمارے کھلاڑیوں کو دنیا کی ٹاپ ٹیموں کے خلاف کھیل کر اپنی خامیوں کے بارے میں بخوبی اندازہ ہو گیا ہے۔ ایشین گیمز سے قبل ان خامیوں پر قابو پائیں گے۔ ٹیم مینجمنٹ کو فری ہینڈ دیا ہے کہ جو کھلاڑی پرفارم نہیں کرتا اسے بے شک ٹیم سے نکال دیا جائے۔ افسوس اس بات کا ہوتا ہے کہ آج کے ہمارے کھلاڑیوں کو ہیرو بننے کا شوق نہیں ہے، صرف اور صرف پیسہ کمانا چاہتے ہیں، قومی کھیل کی تباہی کی سب سے بڑی وجہ بھی یہی بنی ہے۔