افغانستان :طالبان کے حملے ، 8 کمانڈوسمیت 13 ہلاک
کابل (آن لائن+ انٹرنیشنل ڈیسک+ نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں کمانڈوز ہیڈ کوارٹرز پر طالبان کے حملوں میں 8 افغان کمانڈو سمیت 13 ہلاک جبکہ جھڑپوں، فضائی حملوں میں مزید 18 شدت پسند مارے گئے۔ صوبہ لوگر میں امریکی فوجی قافلے پر کار بم حملے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لوگر کے علاقے پلِ عالم میں خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی امریکی فوجی قافلے سے ٹکرادی۔دھماکے میں 5 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ترجمان طالبان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حملے میں غیر ملکی جارح افواج کو نشانہ بنایا گیا،جس کے نتیجے میں 5 امریکی فوجی مارے گئے۔دوسری جانب افغان حکام نے واقعے کے تصدیق کرتے کہا کہ حملے میں 5 افراد ہلاک ہوئے جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں،تاہم افغانستان میں تعینات امریکی و نیٹو افواج نے تاحال اپنے فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔لوگر پولیس کے ترجمان شاہ پور عرب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں امریکی فوجی قافلے کو تھوڑا بہت نقصان پہنچا تاہم کسی فوجی کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ افغان صوبے فاریاب کے ضلع شرین تغاب میں طالبان کے حملے میں 8 کمانڈر ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق طالبان نے کمانڈو ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا اور فرار ہو گئے۔ 3 ٹینکوں اور ہتھیاروں پر قبضے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ افغانستان میں 25 گھنٹے کے دوران فضائی حملوں اور زمینی آپریشنز میں مزید 18 طالبان ہلاک 15 زخمی ہو گئے ہیں۔ 203 ایس تھنڈر کاریس کے کمانڈر نے بتایا غزنی کے اندر ضلع اور قاراباغ دیگر علاقوں میں جھڑپوں میں 3 افغان فوجی بھی مارے گئے ہیں۔ جنگجوئوں کے قبضہ سے ایک کلاشنکوف اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔