• news

سٹی ٹی او کا ٹریفک رواں رکھنے کیلئے شہر کا دورہ، نشیبی روڈز کا جائزہ لیا

لاہور (نامہ نگار) چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے میدان میں آگئے۔ انہوں نے شہر میں ٹریفک کی روانی کا جائز ہ لینے کیلئے مولانا شوکت علی روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مال روڈ، فیروز پور روڈ، لکشمی چوک، سرکلر روڈ سمیت متعدد نشیبی علاقوں کا جائزہ لیا اور سرکل افسران کو موقعہ پر فوری ہدایات جاری کیں۔ وہ خود بھی اپنی گاڑی سے اتر کر بارش میں مختلف روڈ کلیئر کراتے رہے۔ انہوں نے کہاکہ واسا حکام اور دیگر محکوں کیساتھ روابط میں رہا جائے تاکہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ وزٹ کے دوران کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے فرض شناسی اور بارش کے کھڑے پانی میں شہریوں کی مدد کرنے پر متعدد انسپکٹرز اور ٹریفک وارڈنز کو فوری موقع پر انعامات سے نوازا۔ اس موقع پر کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک کا کہناتھا کہ ٹریفک وارڈنز نے بارش کے دوران ڈیوٹی کرکے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ ٹریفک کانسٹیبل سے لیکر سی ٹی او تک تمام افسران سڑکوں پر شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کیلئے موجود رہے۔ جی پی او چوک میں گہرا شگاف پڑنے سے مال روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ مال روڈ سمیت دیگر نشیبی علاقوں میں ٹریفک کو متبادل راستوں پر چلایا جاتا رہا۔ کینال روڈ انڈرپاسسز پر پانی بھر جانے کی وجہ سے اضافی وارڈنز کو تعینات کئے گئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر تمام پولیس افسر بارش کے دوران اہم شاہراہوں پر گشت، شہریوں کی مدد کرتے رہے۔

ای پیپر-دی نیشن