• news

داتا دربار کے قریب پکی پکائی دیگیں فروخت کرنے والا قتل

لاہور (نامہ نگار) داتا دربار دیگیں فروخت کرنے والے 55سالہ شخص کو نامعلوم افراد نے سر پرآہنی راڈکے وار کرکے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ بکر منڈی کا رہائشی 55سالہ صفدر علی داتا دربار کے عقب میں واقع دکان میں پکی پکائی دیگیں فروخت کرنے کا کام کرتا تھا۔ پیر اور منگل کی درمیانی شب بارش کی وجہ سے گھر جانے کی بجائے دکان میں ہی سو گیا۔ صبح معمول کے مطابق دکان میں کام کرنے والے لڑکے آئے تو انہوں نے دیکھا کہ فرش پر صفدر علی کی خون میں لت نعش پڑی تھی۔ جسے نامعلوم افراد سر پر آہنی راڈکے وار کرکے قتل کرکے فرار ہو گئے تھے۔ انہوں نے پولیس کو اطلاع کی۔ جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے نعش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق صفدر علی کے سر پر گہری چوٹ کا نشان ہے۔ پولیس نے مقتول کے بیٹے ریاست کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف قتل مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن