ساہیوال: رشوت لینے کا الزام ثابت‘ اے ایس آئی اور کانسٹیبل کو 2‘ 2 سال قید کی سزا
ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت) سپیشل جج انسداد رشوت ستانی کورٹ ساہیوال جمیل احمد چو ہدری نے تھانہ غلہ منڈی کے اے ایس آئی محمد اکرم اور سرفراز احمد پولیس کانسٹیبل کو 35ہزار روپے رشوت لینے کا جرم ثابت ہونے پر دو، دو سال قید سخت اور پچاس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ عدم ادائیگی جرمانہ مزید چھ، چھ ماہ کی قید بھگتنا ہو گی۔ استغاثہ کے مطابق 27جون 2015کو تھانہ غلہ منڈی پولیس نے چک 134/9.Lکے عقیل احمد خاں کے ایک رشتہ دار کو پکڑ لیا اور اس کی جامہ تلاشی کی رقم ہڑپ کر لی واپسی کیلئے 35ہزار روپے رشوت لی جو رنگے ہاتھوں بر آمد کر لی گئی اور تھانہ اینٹی کر پشن ساہیوال پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزموں کو جیل بھیج دیا تھا۔