نوازشریف لندن سیاسی پناہ لے چکے‘ ادارے حدود میں رہیں تو بہتر ہو گا : زرداری
اسلام آباد (آن لائن+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم ریاستی اداروں سے کہتے ہیں کہ وہ اپنی آئینی حدوں کے اندر رہیں۔ سابق صدر نے 5 جولائی 1977ءکو ایک آمر کی جانب سے منتخب حکومت کا تختہ اُلٹنے کے 41 سال مکمل ہونے پر موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ 5 جولائی ہماری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ آصف زرداری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم ڈکٹیٹرشپ کی مذمت کرتے ہیں اور مطلق العنانیت کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 جولائی کو آئین کو ختم کرنے کی ابتدا ہوئی، دہشت گردوں کو پالنے کی شروعات ہوئی اور جہاد کی نجکاری کر دی گئی، ریاست کے اداروں کو یرغمال بنا کر سارے اداروں پر قبضہ کر لیا گیا۔ پیپلزپارٹی انصاف سے بھاگنے والے ڈکٹیٹر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتی ہے۔ میڈیا کی آواز دبانے اورغیراعلانیہ سینسرشپ کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ ریاستی ادارے اپنی آئینی حدود میں رہیں تو بہتر ہو گا۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ نوازشریف لندن میں سیاسی پناہ لے چکے ہیں۔ سابق صدر زرداری نے عمران سے اتحاد کا امکان مسترد کر دیا۔ سابق صدرآصف زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کی خاطر ن لیگ کی حکومت چلنے دی۔ ن لیگ نے 5سال پارلیمنٹ کو عزت نہیں دی۔ مفاہمت کرنے والوں سے بات ہوتی ہے۔ ووٹر کو عزت دیں گے تو آپ کی عزت ہو گی۔ پیپلزپارٹی کے دور میں ادارے مضبوط ہوئے۔شہباز شریف تیز چلیں نہ چلیں، ووٹ میاں صاحب کا ہے۔ میاں صاحب کا ووٹ بنک مریم نواز کو منتقل ہو گا۔ چودھری نثار سے نہیں، شکایت نواز شریف سے ہو گی۔ بلاول کو وزیراعظم دیکھنا چاہتا ہوں۔ بلاول اپوزیشن میں بھی بیٹھ کر سیکھیں گے۔