• news

مائنس زرداری پی پی سے اتحاد ممکن‘ نوازشریف کیخلاف فیصلہ موخر نہیں ہونا چاہیے : عمران خان

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) عمران خان نے کہا ہے کہ اقتدار میں آکر بے روزگار لوگوں کو نوکریاں اور بے گھر افراد کو گھر دیں گے۔ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کو نوکریاں دینی ہیں۔ پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے‘ نوجوانوں کو نوکری نہ دی تو وہ جرائم کی طرف جائیں گے۔ اقتدار میں آئے تو 50لاکھ گھر پانچ سال میں دیں گے۔ یہ بہت بڑا ہدف ہے، اقتدار میں آکر غریب طبقے کو سستے گھر دیں گے۔ خیبر پی کے میں 2سو ارب روپے کی لکڑی کاٹی گئی۔ ایک ارب درخت اگانے کا ہدف دیا تو لوگوں نے مذاق اڑایا۔ ہمارے پاس درخت اگانے کے لئے پودے نہیں تھے۔ کراچی میں معاشی انقلاب لانے کے لئے ہاﺅسنگ ضروری ہے‘ بلین ٹری سونامی میں ٹمبر مافیا کا مقابلہ کرنا پڑا، الیکشن کا نہیں آئندہ نسلوں کا سوچنا ہے۔ پنجاب اور خیبرپی کے میں اتنی نشستیں ہوں گی جو وفاقی حکومت بنانے کےلئے کافی ہوں گی۔ کبھی اپنے مخالف کو کمزور نہ سمجھیں، کارکن سندھ میں سڑکوں پر نکلیں اور ریلیاں نکالیں تاکہ لوگوں کو آپ کی طاقت کا اندازہ ہو، کرکٹ کی زبان میں کہا جاتا ہے کہ جب تک آخری گیند نہ ہوجائے تو فیصلہ نہیں ہوتا۔ امپائر صرف ایک ہی ہے اور وہ اللہ ہے۔ پاکستان کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ لاہور کو جو پیرس بنانا تھا وہ سب قوم کے سامنے آگیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کبھی ملک میں ایسی بیروزگاری نہیں تھی اور روپیہ ایسا نہیں گرا تھا، آج بنگلا دیش ہم سے آگے نکل چکا‘ ادارے تباہ کردیئے گئے۔ میرا ایمان ہے لمبی اندھیری رات ختم ہونے والی ہے، اقتدار میں آنے کےلئے کراچی سے الیکشن لڑنے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ خیبرپی کے اور پنجاب میں ہماری جو پوزیشن ہے اس میں وفاقی حکومت بنانے کےلئے کافی نشستیں ہوں گی تاہم کراچی کے بغیر پاکستان عظیم نہیں بن سکتا، کراچی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ اس وجہ سے کیا کہ کراچی جب تک نہیں اوپر نہیں آئے گا، تبدیلی نہیں آئےگی۔ جو جماعتیں اداروں کو تباہ کرتی ہیں وہ کبھی اداروں کو ٹھیک نہیں کر پاتیں سب سے بہترین پولیس سسٹم خیبر پی کے کے پاس ہے۔ اللہ نے قوم کو تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے‘ 30سال سے باریاں لینے والوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ 30سال حکمرانی کرنے والے کراچی کو صاف پانی نہیں دے سکے۔ کراچی میں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر ہیں۔ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح کھا جاتی ہے، کرپشن سے ملک کے ادارے تباہ ہوتے ہیں۔ جو پیسہ عوام پر خرچ ہونا تھا وہ دبئی منتقل کیا گیا۔ 25جولائی کو نیا پاکستان بنانے کا دن ہے۔ 2013 کے عام انتخابات میں ہم نے سوچا ہی نہیں تھا کہ دھاندلی ہوگی اور آر اوز دھاندلی میں کردار ادا کریں گے، کیونکہ چیف جسٹس کی بحالی اور آزاد عدلیہ کے لیے بھرپور مہم چلی تھی اور ہم سب نے تحریک چلائی تھی، ہمیں یہ امید تھی کہ آزاد چیف جسٹس کے ہوتے ہوئے کسی کی دھاندلی کرنے کی ہمت نہیں ہوگی۔ انتخابات کے بعد تمام جماعتوں نے کہا کہ دھاندلی ہوئی اور تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تاکہ آئندہ الیکشن میں دھاندلی نہ ہو، لیکن کہا گیا کہ میں جمہوریت کے خلاف ہوں، آج یہی نواز شریف پری پول دھاندلی کی آواز اٹھا رہے ہیں، نواز شریف کی سوچ یہ ہے کہ اگر امپائر نے ان کا ساتھ نہیں دیا تو دھاندلی ہوئی ہے۔ نوازشریف کی حکومت ملک کو اس حالت میں لے آئی ہے کہ جو بھی حکومت سنبھالے گا اس کے لیے مسائل کے پہاڑ کھڑے ہوں گے۔ نگراں حکومت کے شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے کردار سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ تو عام انتخابات کے بعد ہی واضح طور پر کہا جاسکے گا کہ نگراں حکومت صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد میں کامیاب رہی یا نہیں، لیکن دیگر جماعتوں کی طرح نگراں حکومت کے حوالے سے ہمارے بھی تحفظات ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ خیبر پی کے میں جس طرح کا غیر جانبدار نگران سیٹ اپ آنا چاہیے تھا وہ نہیں ہے۔عمران خان کے انتخابی مہم کے سلسلے میں نیو کراچی نمبر5 کے دورہ پر کارکنوں نے اونٹ کا صدقہ دیا۔ عمران خان آج جمعرات کو چارسدہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ عمران خان19اور 21 جولائی کو لاہورکا دورہ کریں گے۔ 19 جولائی کو 8 مقامات پر انتخابی میلہ سجائیں گے۔ علاوہ ازیں 21 جولائی کو عمران خان لاہور کے 8 انتخابی حلقوں میں اجتماعات سے خطاب کریں گے ۔نوازشریف سے پوچھا گیا کہ پیسہ کہاں سے آیا اور باہر کیسے گیا۔ اس دو سوالوں کے جواب میں دو سال لگے۔ اندرون سندھ کا دورہ شروع کروں گا۔ نوازشریف کیخلاف فیصلہ موخر نہیں ہونا چاہئے۔ نوازشریف آسمان سے نہیں اترے کہ ان کیلئے ایک قانون ہو۔ اس کیس میں وقت اور بہت پیسہ برباد ہوا ہے۔آصف زرداری کی پیپلز پارٹی کے ساتھ مفاہمت ممکن نہیں آصف زرداری اقتدار میں ہوں گے تو انصاف کیسے ممکن ہوگا۔ بلاول بھٹو سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا ایک خاندان اربوں کی چوری کرے اور اسے نہ پکڑیں تو جیلیں بند کر دیں۔ اس عمر میں الیکشن مہم تھوڑی مشکل ہے جو بھی الیکشن کو متنازعہ بنائے گا وہ ملک کی خدمت نہیں کرے گا۔عمران خان نے کہا ہے کہ مائنس آصف زرداری ہو جائے تو پیپلز پارٹی سے اتحاد ہو سکتا ہے مریم نواز نے نواز شریف کو مروایا۔ پرانی ایم کیو ایم کی سیاست ختم ہو گئی ہے، کراچی کے لوگ بھرپور طریقے سے ووٹ دینگے، کوشش ہے کہ کراچی کے لوگوں کو احساس دلائیں یہاں کے لوگ قومی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں، گلی گلی میں رونا مریم نواز کا تحفہ ہے۔ نگرن وزیراعلیٰ خیبر پی کے جے یو آئی کی سماعت کر رہے ہیں۔

عمران

ای پیپر-دی نیشن