• news

نیب میں حاضریاں مسلم لیگ ن کی‘ زرداری پاک صاف یہ کیسا انصاف ہے : شہبازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ہے کہ پہلے ساہیوال آتا تھا تو آپکی خدمت کے منصوبے لے کر آتا تھا اور ان منصوبوں کا آپ کے شہر میں عملدرآمد یقینی بناتا تھا، اب ووٹ لینے آیا ہوں لیکن یہ ووٹ اقتدار کے لیے نہیں ہے بلکہ خدمت کے جذبے سے سر شار ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساہیوال میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے لوگو بتاو¿ کیا لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل ہو گیا ہے کہ نہیں، نواز شریف کی محنتوں اور جد و جہد کی بدولت پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ختم ہو چکے ہیں۔ ہم نے اپنی پانچ سالہ مدت میں گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے ہیں، ہمارا مقصد عوام کی خدمت کرنا تھا اور ہے، ساہیوال کا کول پاور پلانٹ ہماری کارکردگی کا عملی ثبوت ہے، محمد شہباز شریف نے کہا کہ زرداری کا ایک ہی نعرہ ہے مرسوں مرسوں کام نہ کرسوں۔ نیب میں حاضریاں مسلم لیگ (ن) کی ہوتی ہیں اور آصف زرداری پاک صاف ہے یہ کیسا انصاف ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں شفاف الیکشن کروانا الیکشن کمشن کی ذمہ داری ہے۔ شفاف الیکشن کروانے ہیں تو سب کو برابر مواقع دینا ہونگے۔ کسی ایک جماعت کو انتقام کا نشانا نہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے منصوبے عوام کے سامنے ہیں، خان صاحب کی بنائی ہوئی بجلی پتہ نہیں کہاں بیٹھی ہے، خان صاحب آپ کو تو یہ نہیں پتہ کے بجلی کی کیا اہمیت ہے۔ عمران خان صاحب الزام لگاتے ہیں لیکن ثبوت نہیں لاتے، انہوں نے میرے اوپر الزام لگایا کہ میں نے میٹرو بس بنانے میں کرپشن کی اس کے بعد سے میں عدالت میں ان کے پیچھے ہوں اور وہ میرے آگے بھاگ رہے ہیں، وہ تو کیا ان کے وکیل بھی عدالت پیش نہیں ہوئے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نقلی خان ہے۔ محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پشاور میں ڈینگی آیا تو عمران لوگوں کی مدد کی بجائے جان بچا کر پہاڑوں پر بھاگ گئے اور اب لاہور میں بارش آئی ہے تو سیاست چمکانے کے لیے باہر نکل پڑے ہیں، عمران خان نیازی نے خیبر پختونخواہ میں نہ کوئی ہسپتال بنائے ہیں نا ہی کوئی یونیورسٹیاں تعمیر کی گئیں جبکہ ہم نے ہسپتال بھی بنائے اور وہاں معیاری دوائیں بھی مہیا کیں، اس کے علاوہ ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں بھی لگاائی گئیں، انہوں نے کہا کہ جب ہم نے لاہور میں میٹرو بس تعمیر کروائی تو عمران خان اسے جنگلہ بس کہہ کر تنقید کا نشانا بناتے رہے اور اب پشاور کی جنگلہ بس 60 ارب کی لاگت پر پہنچ چکی ہے پھر بھی مکمل نہیں ہوسکی، اب صورت حال یہ ہے کہ ہندوستان اور بنگلا دیش ہم سے آگے نکل چکے ہیں، ہندوستان ہمارا پانی روک رہا ہے اس کے لیے بھاشا ڈیم بنانا بہت ضروری ہے، جس طرح ہزاروں میگا واٹ بجلی کے منصوبے بنائے ہیں اسی طرح ڈیم بنائیں گے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھاشا ڈیم بنائیں گے یہ شہباز شریف کا وعدہ ہے، ساہیوال والو اگر اللہ نے موقع دیا تو پاکستان کو ملائشیا اور ترکی کے برابر لائیں گے، ساہیوال میں دانش سکول اور یونیورسٹی بھی بنائیں گے، ہر شہری کو صحت کارڈ بھی دیا جائے گا، قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کا مانگا منڈی اور اوکاڑہ میں پرتباک استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
شہبازشریف

ای پیپر-دی نیشن