سری لنکا کو آئی سی سی رکنیت بچانے کی فکر لگ گئی
ڈبلن(سپورٹس ڈیسک )سری لنکا کو آئی سی سی رکنیت بچانے کی فکر لگ گئی۔ڈبلن میں آئی سی سی اجلاس میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کو عبوری طور پر چلانے والے وزیر کھیل کے نمائندے کو بورڈ اور کونسل میٹنگز میں شرکت کی اجازت دیدی گئی لیکن ان کی حیثیت ایک مبصر کی تھی،سری لنکا کو وارننگ جاری کی گئی کہ 6ماہ میںالیکشن کا انعقاد کرکے بورڈ عہدیداروں کا انتخاب نہ کیا گیا تو آئی سی سی اس کی رکنیت کے مستقبل پر غور کرے گا۔
دریں اثناءمیٹنگ میں زمبابوے کرکٹ کو مالی مشکلات سے نکالنے کیلیے پلان بھی بنایا گیا ہے،مسائل کی وجہ سے کرکٹرز کو تنخواہیں نہ اداکرپانے والے بورڈ کو پہلے مرحلے میں قرض اتارنے میں مدد دی جائے گی،اس کے بعد مالی، انتظامی اور کرکٹ معاملات چلانے میں بھی آئی سی سی کی سرپرستی حاصل رہے گی، ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسے فنڈز جاری کیے جائیں گے۔آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے کہاکہ ورلڈ کوالیفائرز میں زمبابوین کرکٹ کا ٹیلنٹ سامنے آیا،اسے ضائع نہیں ہونا چاہیے۔یاد رہے کہ اس وقت زمبابوے کرکٹ بورڈ ایک کروڑ 80لاکھ ڈالر کے قریب رقم کا مقروض ہے،تنخواہیں نہ ملنے پر کرکٹرز انٹرنیشنل میچز کے بائیکاٹ کی دھمکیاں بھی دیتے رہے ہیں۔