قومی ہاکی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں توقعات پر پورا نہیں اُتری : نوید عالم
لاہور ( سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و ڈومیسٹک اولمپئن نوید عالم نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی ٹیم کو ہر طرح کی سہولےات فراہم کیں لیکن چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں ٹیم توقعات پر پورا نہیں اتری ،مینجمنٹ سے اس پرفارمنس کے بارے میں پی ایچ کے بورڈ اجلاس میںجواب طلب کیا جائے گا۔بدھ کے ہاکی سٹیڈیم میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی شکست کے بارے میں ٹیم مینجمنٹ اپنی رپورٹ دے گی لیکن میں نے خود تمام میچز دیکھے ہیں اور ٹیم مینجمنٹ کے فیصلوں کی کئی خامیاں سامنے آئی ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی شکست کے بارے میں اور مستقبل میں بہتر ی کے لئے اپنی تجاویز پی ایچ ایف حکام کو دوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ پاکستان نے شروع کیا تھا اور آخری ٹورنامنٹ میں پاکستان کا آخری پوزیشن پر آنا لمحہ فکریہ ہے ۔ہمیں ہنگامی بنیادوں پر ٹیم کی بہتری کے لئے مزید اچھے فیصلے کرنے ہوں گے۔ٹیم کے کمبی نیشن کو مذید بہتر کرنا ہوگا ۔چیمپئنز ٹرافی کی ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے باوجود ہماری پرفارمنس اچھی نہ رہی۔ چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے کئے گئے کئے فیصلوں پر اعتراض ہے ۔انہوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کی موجودگی میں جونیئر کھلاڑی کو کپتان بنانا سمجھ سے بالاتر ہے۔میچز میں کھلاڑیوں کی پوزیشن غلط طور پر تبدیل کی گئی ۔ٹیم مینجر کو مضبوط ہونا چاہئے۔ قومی ہاکی ٹیم کی بہتری کے لئے مستقبل میں ٹیم کا کوچ جو پلان کرے اسے پی ایچ ایف بورڈ اجلاس میں زیر بحث آنا چاہئے تاکہ اس میں مذید بہتری لائی جا سکے ۔