جرمنی لے جایاگیا پی آئی اے کا طیارہ فروخت کردیا گیا
کراچی(آن لائن)قومی ایئرلائن کا A.310 ایئربس طیارہ جرمنی میں ہی فروخت کردیا گیا۔جمعرات کو اس ضمن میں تر جمان پی آئی اے مشہود تاجور نے اپنے ایک تصدیقی بیان میں کہا کہ قومی ایئرلائن کا A.310 ایئربس طیارہ جرمنی میں ہی فروخت کردیا گیا ہے۔طیارے کی فروخت پیپرا قواعدکے تحت کی گئی،اس طیارے کی فروخت کیلئے پاکستان،امریکہ اور جرمن کے اخبارات میں اشتہارات بھی جاری کیے گئے تھے۔دریں اثنا ذرائع کا کہنا تھا کہ جس ایئرپورٹ پر طیارہ ڈیڑھ سال سے پارک کیاگیا تھا اسی ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے طیارے کا ڈھانچہ خرید لیا ہے۔واضح رہے کہ فروخت کیے گئے طیارے کونومبر2016میں کراچی ایئرپورٹ سے اڑان بھرکرمالٹا اورپھر جرمنی ایئرپورٹ لے جایاگیا تھا جہاں پارک کردیاگیا تھا۔ماہرین ایوی ایشن کے مطابق کسی بھی طیارے کی کراچی ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت لی جاتی ہے،مذکورہ طیارہ کی اڑان بھرنے سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت لی گئی تھی،جس کے بعد قومی ایئرلائن کے طیارے کی مبینہ فروخت کے حوالے سے خبریں بھی شائع ہوتی رہیں جس کے بعد پی آئی اے کے اعلیٰ حکام کی جانب سے طیارے کی مبینہ فروخت میں ملوث 3سابق افسران کوشوکازنوٹس بھی جاری کیے گئے۔
طیارہ‘ فروخت