یار محمد رند کو الیکشن لڑنے کی اجازت غلام عباس رانا آصف چودھری سرور کا بھائی رمضان پرویز رانا زاہد نااہل
لاہور+فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی +نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کو انتخابات لڑنے کےلئے اہل قرار دے دیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار سردار غلام عباس کو این اے64 سے نااہل قرار دے دیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اپیلیٹ ٹریبونل نے اثاثوں کی تفصیلات ظاہر نہ کرنے کا الزام لگا کر تاحیات نااہل قرار دیا جبکہ انہوں نے تمام تر دستاویزات کاغذات نامزدگی کے ساتھ فراہم کیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ احتساب عدالت نواز شریف کے خلاف ریفرنس میں جو بھی فیصلہ دے گی اس کا مقابلہ کرینگے۔ ہم نے سازشیں عوام کے سامنے رکھ دی ہیں۔ عوام دعا کریں کہ پاکستان میں شفاف الیکشن ہوں اور متنازعہ نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اہلیہ کہ طبیعت بہتر ہوتے ہی نواز شریف واپس آ جائیں گے۔ اداروں کو الیکشن میں مداخلت سے باز رہنا چاہئے۔ فواد چوہدری کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اپیلٹ ٹربیونل نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔ میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے نیب پر تنقید کی۔ اور کہا نیب کو سیاستدانوں کے حوالے سے دوہرا معیار نہیں اپنانا چاہیے۔ کرپشن میں ملوث افتخار چودھری اور جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی کے بھائی کو گرفتار کرنا چاہئے۔ کیا نیب صرف سیاست دانوں کے خلاف کارروائی کے لئے رہ گیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما سردار غلام عباس کے مقدمہ کی سماعت میں عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ عوامی نمائندے ہیں اور آپ کا این ٹی این نمبر ہی نہیں ہے،آپ نے عوامی نمائندہ ہوتے ہوئے لگژری زندگی گزاری تو گورنمنٹ کو ایک پیسہ ٹیکس نہیں دیا۔ بچہ بچہ مقروض ہے آپ ٹیکس نہیں دیں گے تو کون دے گا۔ یہاں سے جا کر الیکشن مہم پر کروڑوں روپے لگا دیں گے مگر سرکار کے خزانے میں ایک پیسہ جمع نہیں کرایا۔، عدالت نے مزید ریمارکس دئیے کہ آپ 2 دفعہ ایم پی اے اور 2 دفعہ ڈسٹرکٹ ناظم رہے ہیں آپکو معلوم ہے ہر پیدا ہونے والا بچہ دو لاکھ روپے کا مقروض ہوچکا ہے عدالت نے استفسار کیا کہ لاہور شہر میں کشتیاں چلیں، پیرس کا حال دیکھا آپ نے،10 سال حکومت کرنے والوں نے لاہور کا یہ حال کیا ہے۔ بنچ کے سربراہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے قرار دیا کہ آپ نے ڈالر کا حال دیکھا ہے آپ بیچنے جائیں تو اسکی قمیت 126 اور خریدنے جائیں تو 140 ہے ہم نے ڈالر کو 14 روپے میں فروخت ہوتے دیکھا ہے۔ عدالت نے این اے 145اور پی پی 192سے چوہدری جاوید احمد کو انتخابات کے لئے نااہل قرار دے دیا جس کے بعد ان کے بھائی بطور امیدوار میدان میں آ گئے ہیں۔ عدالت نے کاغذات نامزدگی میں تعلیم سے متعلق حقائق چھپانے پر نااہل قرار دے دیا۔ پی پی 229 وہاڑی سے ن لیگ کے امیدوار یوسف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔ پی پی 105 فیصل آباد سے ن لیگ کے امیدوار رانا بلال فاروق کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف درخواست بھی مستردکردی۔ این اے 87سے سائرہ افضل تارڑ کو الیکشن کے لیے اہل قرار دے دیا ہے۔ این اے146 عارف والا سے مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ ہولڈر این اے146رانا زاہد خان کو لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کیلئے نااہل قرار دے دیا۔ رانا زاہد خان نے اپنے بیٹے رانا ارادت شریف خان کو الیکشن لڑانے کا اعلان کردیاہے۔ این اے 105 فیصل آباد سے رانا آصف توصیف کو انتخاباب میں حصہ لینے کے لئے نااہل قرار دے دیا گیا۔ حلقہ پی پی 120 ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری رمضان پرویز کو سپریم کورٹ نے نااہل قرار دے دیا ،چوہدری رمضان پرویز سابق گورنر پنجاب اور تحریک انصاف کے موجودہ سینیٹر چوہدری سرور کے حقیقی بھائی ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ رمضان پرویز کی نااہلی کے بعد ان کے کورننگ امیدوار بریگیڈئر(ر) جاوید اکرم کو ان کی جگہ انتخاب لڑانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہائیکورٹ نے الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی نااہلی کے لئے دائردرخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔ سپریم کورٹ نے تحریک انصاف بلوچستان کے صدر یارمحمدرِند کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ریٹرننگ افسر نے تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند کے جعلی ڈگری اور قتل کے مقدمات کے الزامات میں کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد انہوں نے ایپلٹ ٹریبونل میں اپیل کی جس نے آر او کا فیصلہ برقرار رکھا۔پی ٹی آئی نے این اے 105 فیصل آباد سے چودھری رضا نصراللہ گھمن کو ٹکٹ جاری کر دیا۔ این اے 105 سے رانا آصف توصیف کا نااہلی کے بعد ٹکٹ منسوخ کردیاگیا۔آئی این پی کے مطابق تحریک انصاف کے صوبائی صدر سرداریار محمد رند نے سپریم کورٹ کی جانب سے اپنے حق میں فیصلے کو حق وسچ کی جیت قراردیتے ہوئے کہاہے انہیں خوشی ہے وہ اپنے صوبے اور حلقے کے عوام اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے سامنے سرخرو ہوئے۔ سوشل میڈیا پر دئےے ویڈیو پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے حق اور سچ پر مبنی فیصلہ دیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی وہ مہربانی کرکے ہمیشہ کی طرح ان پر اعتبار کرے اور چوروں ،ڈرگ مافیا سے اس صوبے اور ملک کو نجات دلائیں۔
شاہدخاقان/اہل