خوشاب: پرانی دشمنی پر حوالدار قتل، سرگودھا: ڈاکوئوں کی فائرنگ، خاتون جاں بحق،3 پولیس اہلکار زخمی
سرگودھا (نامہ نگار) دیرینہ عداوت پر خوشاب میں پولیس حوالدار قتل، سرگودھا میں گشت پر مامور محافظ سکواڈ پر ڈاکوئوں کی اندھا دھند فائرنگ سے خاتون جاں بحق،3 پولیس ملازمین زخمی ہو گئے۔ خوشاب میں پرانا لاری اڈا پر قتل کی رنجش پرملزم محمد امجد نے پولیس حوالدار احمد اقبال کو فائرنگ کر کے نتیجہ میں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ معلوم ہوا ہے کہ مقتول کے بھائی نے قبل ازیں قاتل امجد کے بھائی کو قتل کیا تھا پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی، دوسرے واقعہ میں تھانہ عطا شہید کے علاقہ میں خاتون سے مبینہ زیادتی کی اطلاع پر گشت پر مامور پولیس ملازمین موقع پرپہنچے تو ڈاکوئوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں محافظ سکواڈ کے 3 جوان عظمت اللہ، زاہد اور محبوب زخمی ہو گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلہ میں مبینہ زیادتی کی شکار خاتون گولیاں لگنے سے دم توڑ گئی۔ معلوم ہوا ہے کہ چک 47جنوبی میں ڈاکو ڈکیتی میں مصروف تھے کہ محافظ سکواڈ کے جوان موقع پر پہنچ گئے، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ڈاکوئوں نے فائر کھول دیئے جس کے نتیجہ میں 3 ملازمین زخمی ہوگئے۔ ڈی پی او سرگودھا محمد زبیر دریشک ایس پی انویسٹی گیشن قدوس بیگ موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔