• news

گجرات میں کینسر ہسپتال، انجینئرنگ یونیورسٹی اور میڈیکل کالج بھی بنائیں گے: پرویز الہٰی

گجرات (نامہ نگار) (ق) لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے چک سادہ گجرات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے گجرات میں سٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹی بنائی اب وہ انشاء اللہ یہاں انجینئرنگ یونیورسٹی، کینسر ہسپتال اور میڈیکل کالج بھی بنائیں گے، دس سال میں شریف خاندان نے ملک اور صوبے کا بیڑا غرق کر دیا ہے، آج ن لیگ کے امیدوار کس منہ سے ووٹ لینے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے شہبازشریف کی کرپشن کے پول کھول کر عوام کے سامنے رکھ دئیے ہیں، ہر منصوبے سے کرپشن نکل نکل کر سامنے آ رہی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے اعلان کیا کہ منتخب ہونے کے بعد پہلے سے بھی زیادہ عوام کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے خود کہا ہے کہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کو صرف اس لیے بند رکھا گیا کہ اسے چودھری پرویزالٰہی نے بنایا ہے، اب میں خود اپنی نگرانی میں اس ہسپتال کو چلاؤں گا جس پر میں چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ان کی سیاست صرف عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہے، 1122 جیسی کوئی ایک سروس شہبازشریف بتا دیں جو انہوں نے بنائی ہو، چک سادہ کی سڑک آج سے دس سال قبل میں نے تعمیر کروائی تھی جو ٹوٹ پھوٹ چکی ہے اسے میں ہی دوبارہ آ کر بنواؤں گا، مسلم لیگ ن ہمیشہ سے کسان دشمن رہی ہے یہی وجہ ہے کہ اپنے دور میں انہوں نے کسانوں کو سوائے خواری کے کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ 1971ء میں چودھری ظہورالٰہی نے سب سے پہلے قادیانیت کے خلاف بل پیش کیا تھا، میں نے آ کر ربوہ کا نام تبدیل کر کے چناب نگر رکھا، ہم ختم نبوت پر مر مٹنے والے لوگ ہیں، اگر ہم کامیاب ہو گئے تو ایک بار پھر پڑھا لکھا پنجاب بنائیں گے، پنجاب کو سرسبز بنائیں گے یہ میرا آپ سے وعدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے جتنے منصوبے تھے سب کرپشن فری تھے شہبازشریف کے تمام منصوبے کرپشن کی داستانیں بیان کرتے ہیں، لوگ ن لیگ سے دس سال کا حساب مانگ رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈر آزاد الیکشن لڑنے میں اپنی بہتری سمجھتے ہیں، تمام سینئر مسلم لیگی نوازشریف کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں اور اب وہ تن تنہا ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن