تحریک انصاف امیدواروں کے حلف نامے‘ الیکشن کمشن نے 9 جولائی تک جواب طلب کرلیا
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے امیدواروں سے حلف نامے لینے سے متعلق معاملے پر 9جو لائی تک تحریری جواب طلب کر لیا۔ الیکشن کمشن میں تحریک انصاف کے امیدواروں سے حلف نامے لینے سے متعلق کیس کی سماعت ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی ۔بابر اعوان کے ایسوسی ایٹ وکیل نے کہا کہ بابر اعوان سپریم کورٹ میں مصروف ہیں،کچھ وقت دیا جائے،درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پی ٹی آئی حلف ناموں سے متعلق کیس میں تاخیر حربے استعمال کر رہی ہے،انہوں نے قانون کا مذاق بنایا ہوا ہے، یہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں،الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف سے امیدواروں سے حلف نامے لینے سے متعلق تحریری جواب طلب کرتے ہوئے،الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت نو جولائی تک ملتوی کر دی۔