• news

لاہور میں عدلیہ سمیت اہم عمارتوں کی سکیورٹی سخت، بھاری نفری تعینات

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) لاہور میں نواز شریف کیس کے حوالے سے سنائے جانے والے فیصلہ کے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کےلئے تمام عدالتوں کے باہر سکیورٹی کے انتظامات کو گزشتہ روز سخت کرتے ہوئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔ مال روڈ پر واقع فیصل چوک، ریگل چوک اور اہم سرکاری و غیر سرکاری عمارات کے باہر بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ لاہور ہائی کورٹ،سیشن کورٹ، ایوان عدل، انسداددہشتگردی کی عدالت کے باہر سکیورٹی انتظامات سخت کر دئیے گئے جبکہ شہر کی اہم سرکاری عمارت کے ساتھ ساتھ فیصل چوک، ریگل چوک سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کر دیا گیا۔ سی سی پی او بی اے ناصر نے عدالتوں کی سکیورٹی سخت کرنے کے حوالے سے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے اگرچہ سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے مگر آج بھی شہریوں کی اکثریت سادہ ہے وہ زوردار نعرہ لگانے والے کی اندھی تقلید میں کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ دریں اثناڈی آئی جی آپریشنزشہزاداکبر نے کہاہے کہ شہر کی حساس اور اہم تنصیبات و شاہراہوں کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیاہے۔شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ممکنہ مظاہروں کے پیش نظر اینٹی رائٹ فورس کے دستے بھی تیارہیں۔توڑ پھوڑ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر نے بھاری نفری کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہر کے امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
لاہور/سکیورٹی سخت

ای پیپر-دی نیشن