• news

نثار کھوڑو کے کاغذات مسترد : ہائیکورٹ نے بلاول‘ زرداری کی نااہلی کیلئے درخواست خارج کر دی

لاہور+ لاڑکانہ (وقائع نگار خصوصی+ این این آئی+ نوائے وقت نیوز) سندھ ہائیکورٹ لاڑکانہ سرکٹ بنچ نے نثار کھوڑو کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے۔ عدالت نے اپیلٹ کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے نثار کھوڑو کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے ہیں جس کے بعد انہوں نے فیصلے کےخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔ نثارکھوڑو نے پی ایس 11 لاڑکانہ 2 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ لاہور ہائیکورٹ نے پی پی 106سے مسلم لیگ ن کے امیدوار سیف اللہ کو الیکشن لڑنے سے روک دیا ہے۔ ہائیکورٹ نے الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلاول آصف زرداری کی نااہلی کے لئے دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔ درخواست گزار نے مﺅقف اختیار کیا کہ الیکشن قوانین کے تحت کوئی سیاسی جماعت کسی دوسری جماعت کا پرچم اور انتخابی نشان استعمال نہیں کر سکتی۔ بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے منشور پر پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے انتخابی نشان تیر کو استعمال کیا۔ عدالت نے پاسپورٹ کی مکمل تفصیلات فراہم نہ کرنے والے امیدواروںکو نااہل قرار دینے کے لئے دائر درخواست ناقابل سماعت دیتے ہوئے مسترد کر دی۔لاہور ہائیکورٹ نے سابق ایم این اے چودھری نذیر احمد آرائیں کو اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دے دیا۔ این اے 162سے امیدوار چودھری نذیر احمد آرائیں نے ریٹرننگ افسر کے کاغذات مسترد کرنے کے فیصلہ پر لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

کاغذات مسترد

ای پیپر-دی نیشن