فیصلے سے مسلم لیگ ن کو سیاسی فائدہ ہو گا‘ زرداری : غلط وقت چنا گیا : خورشید شاہ
اسلام آباد (آن لائن+ وقائع نگار خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کے فیصلے سے مسلم لیگ (ن) کو سیاسی فائدہ ہو گا۔ اس وقت تحریک انصاف فیورٹ باقی تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو دبا¶ کا سامنا ہے۔ عمران خان کے ساتھ بیٹھنے کے لئے کوئی سیاسی جماعت تیار نہیں، کیا عمران خان اتنی اکثریت لیں گے کہ وہ اکیلے حکومت بنا لیں۔ انہوں نے کہا ججز بھی انسان ہیں غلطی کریں گے تو رد عمل بھی آئے گا۔ پہلے ہی کہا تھا نواز شریف لندن میں سیاسی پناہ لےں گے۔ نوازشریف کے پاس ریلیف کے لئے ابھی ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ موجود ہیں۔ عمران خان نے ہمیں دعوت ہی نہیں دی ہم کیوں اس کے ساتھ جائیں گے۔ انہوں نے کہا جمہوریت جتنی بھی کمزور ہو بہترین آمریت سے بہتر ہوتی ہے۔ وقائع نگار خصوصی کے مطابق پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے فیصلے کے وقت کو غلط قرار دیا ہے اور کہا ہے الیکشن کا وقت ہے ایسا فیصلہ کئی معنی نکالے گا۔ انہوں نے کہا یہ فیصلہ 3ماہ قبل آ جانا چاہئے تھا نوازشریف پارلیمنٹ کو اہمیت دیتے اور پانامہ کا فیصلہ اسمبلی میں لاتے تو یہ وقت نہ دیکھتے۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے نوازشریف، مریم نواز کو سزا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہم عدالتوں سے ہمیشہ انصاف کی توقع رکھتے ہیں۔ 30 برسوں میں پہلی بار شریفوں کے خلاف فیصلے آنے شروع ہوئے۔ آئی این پی کے مطابق سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی مولا بخش چانڈیو نے کہا میاں صاحب مکافات عمل کا شکار ہوئے ہیں، تکلیف ہوتی ہے جب کسی سیاسی رہنما یا کارکن کو عدالتیں سزا سنائیں، میاں نواز شریف، محترمہ شہید اورآصف علی زرداری کو انہی قوانین کے تحت انتقام کا نشانہ بناتے رہے۔
آصف زرداری/ خورشید شاہ