• news

نیب کا نوازشریف کی سزا میں اضافے کیلئے اپیل دائر کرنے پر غور

لاہور (ایف ایچ شہزاد سے) احتساب عدالت کی طرف سے ایون فیلڈ ریفرنس میں قید، اپارٹمنٹس کی قرقی اور جرمانے کی سزا پانے کے بعد نواز شریف، ان کی بیٹی اور داماد کے پاس تین جبکہ نیب کے پاس ایک آپشن موجود ہے۔ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے پاس اپنی سزا کے خاتمے جبکہ نیب کے پاس سزا میں اضافے کےلئے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف دس روز میں اپیل دائر کرنے کا آپشن ہے جبکہ عارضی ریلیف کےلئے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر ضمانت یا ضابطہ فوجداری کے سیکشن426کے تحت سزا کی معطلی کےلئے درخواست بھی دائر کر سکتے ہیں۔ مگر اس کےلئے انہیں ایپلٹ کورٹس میں سرنڈر کرنا پڑے گا۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق نیب نے نواز شریف کو سنائی گئی سزا میں اضافے کےلئے اپیل دائر کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ نیب کی لیگل ٹیم کے مطابق نواز شریف کی طرف سے اپنے حق میں کوئی ثبوت پیش نہ کرنے پر ان کو 14 سال قید اور جائیداد کی مالیت کے برابر جرمانے کی سزا دینی چاہئے تھی۔ مگر احتساب عدالت نے ان کو کم سزا دی۔ اسی نکتے کو بنیاد بنا کر چند روز میں نیب کی طرف سے اپیل دائر کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کو نیب آرڈیننس کے سیکشن9اے5 اور 7کے تحت آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور بے نامی جائیدادیں بنانے پر سزائیں سنائیں جبکہ کیپٹن صفدر کو اعانت جرم میں سزا سنائی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق پارٹی ذرائع کو وطن واپس آ کر قانونی چارہ جوئی کا مشورہ دیا گیا ہے۔

آپشن

ای پیپر-دی نیشن