الیکشن کمشن نے مریم نواز، کیپٹن صفدر کے حلقوں میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی روکدی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) الیکشن کمشن نے مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر) صفدر کے حلقوں سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ این اے 127 اور این اے 14 کے بیلٹ پیپرز تاحکم ثانی نہ چھاپے جائیں۔ امیدواروں کی حتمی فہرست سے بھی مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدرکے نام نکالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دونوں حلقوں کے بیلٹ پیپرز عدالتی حکم نامہ موصول ہونے کے بعد چھپوائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر کے حلقوں کے 30 فیصد سے زائد بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ20 جولائی تک بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ الیکشن کمشن کی سخت ہدایات پر ریٹرننگ افسروں نے الیکشن ڈیوٹی کے بارے میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے تحت تمام پولنگ افسروں، اسسٹنٹ پولنگ افسروں سمیت تمام ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ڈیوٹی افسروں، ملازمین کو پولنگ کی تاریخ 25 جولائی تک موبائل فون24 گھنٹے آن رکھنے اور اٹینڈ کرنے کے بھی سخت احکام جاری کیے گئے ہیں جب کہ بخار، کھانسی، سر درد کی بنیاد پر چھٹی نہیں دی جائے گی، صرف سنگین معاملہ ہارٹ اٹیک، زچگی اور ٹریفک حادثے کی بنیاد پر چھٹی دی جائے گی یا جس ملازم کی 25 جولائی کو شادی ہے وہ شادی دستاویز کے ساتھ چھٹی لے سکے گا۔ ریٹرننگ افسروں نے موبائل فون آن رکھنے اور اٹینڈ کرنا لازمی قرار دینے پر خود افسران کو فون کر کے ان کی مانیٹرنگ بھی شروع کر دی، ضلع راولپنڈی میں فون اٹینڈ نہ کرنے والے 11 افسروں کی سخت سرزنش کرتے ہوئے انہیں آئندہ محتاط رہنے کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی۔ علاوہ الیکشن کمشن عام انتخابات کی کوریج کے لیے میڈیا نمائندوں کو خصوصی پاسز جاری کرے گا، وزارت اطلاعات نے میڈیا نمائندوں سے 12جولائی تک درخواستیں طلب کر لیں۔ معذور افراد کیلئے ڈاک کے ذریعے ووٹ ارسال کرنے کی درخواست جمع کرانے کے ایام میں منگل تک کی توسیع کر دی ہے۔ الیکشن کمشن نے سکیورٹی حکام کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے، سکیورٹی اہلکار پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر تعینات ہوں گے،کسی ووٹر سے پرچی یا اس کی شناخت طلب نہیں کر سکیں گے، کوئی انتخابی مواد اپنے پاس نہیں رکھ سکیں گے، انتخابی عملہ کے کسی کام میں مداخلت نہیں کر سکیں گے، پولنگ ایجنٹ یا پولنگ عملہ کی کسی بدانتظامی پر ازخود کوئی جواب نہیں دے گا بلکہ یہ معاملہ پریذائیڈنگ آفیسر کے نوٹس میں لائے گا۔ الیکشن کمشن کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق پرامن ماحول میں انتخابات کے انعقاد کے لئے سکیورٹی اہلکار پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر تعینات ہوں گے، امن وامان برقرار رکھنے کے لئے ماحول سازگار بنانا ان کی ذمہ داری ہے۔ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے دوران پرنٹنگ پریسز کو سیکیورٹی دی جائے گی۔
الیکشن کمشن