زرداری کے قریبی ساتھی گرفتار ہوچکے‘ تمام لٹیروں کو پکڑا جائیگا: شاہ محمود
ملتان (نامہ نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے عظیم روحانی پیشوا بشیر حسین نجفی نے امیرالمومنین حضرت علی مرتضیٰؓ کے مزار پر نماز ظہرین کے کے بعد این اے 156 سے تحریک انصا ف کے امیدوار شاہ محمودقریشی و این اے 157 سے تحریک انصاف کے امیدوار مخدوم زادہ زین حسین قریشی کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کراتے ہوئے کہا ہے کہ مخدوم سجاد حسین قریشی کا احترام عالمی سطح پر تمام درگاہوں پر کیا جاتا ہے ان ہی کے رشتے سے مخدوم شاہ محمود قریشی ان کے لائق جانشین ہیں۔ دریں اثناء درگاہ حضرت غوث العظم حضرت عبدالقادر جیلانی کے سجادہ نشین پیر سید حامد گیلانی‘ مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس‘ اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ افتخار حسین نقوی‘ درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر کے سجادہ نشین ڈاکٹر سید مہدی رضا شاہ‘ آل پاکستان شعیہ کانفرنس کے سربراہ ڈاکٹر غضنفر مہدی‘ گولڑہ شریف کے سجادہ نشین پیر نصیرالدین کے صاحبزادے پیر نظام الدین جامی‘ پیر آف دیول شریف کے صاحبزادہ روح الحسنین معین نے مخدوم شاہ محمود قریشی‘ مخدوم زادہ زین قریشی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اہلسنت ملتان کے وفد نے علامہ فاروق خان سعیدی‘ وسیم ممتاز اور ڈاکٹر صدیق خان قادری کی سربراہی میں ایک وفد نے مخدوم شاہ محمودقریشی سے ملاقات کی اور ان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا قبل ازیں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کو کرپشن فری پاکستان بنانے کا عزم کیا ہے جس نے ملک کو لوٹنا اس کا باری باری احتساب ہو گا۔ سندھ میں بھی احتساب کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی و پولیٹیکل سیکرٹری کرپشن کی بنا پر گرفتار ہو چکے ہیں۔ حسین لوائی کاروباری شخصیت ہیں 25 ارب کی منی لانڈرنگ اور 29 غیر قانونی اکاؤنٹس ملے ہیں ان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے آہستہ آہستہ تمام لٹیروں کو پکڑا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سربراہ علامہ اقتدار نقوی نے اپنے تمام رفقاء کے ساتھ مخدوم شاہ محمود قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔