• news

بھارت نے پھر پانی روک لیا، دریائے چناب میں مزید 18ہزار کیوسک کمی

سیالکوٹ (نامہ نگار) مقبوضہ کشمیر کے علاقہ میں بگلیہار ڈیم پر پانی روکے جانے کی وجہ سے دریائے چناب کے پانی میں مزید اٹھارہ ہزار کیوسک کمی ہوگئی اور ہیڈمرالہ کے مقام پردریائے چناب میں پانی کی آمد 60ہزار چھ سو بارہ کیوسک سے کم ہوکر بیالیس ہزار پانچ سو 56کیوسک ہوگئی۔ محکمہ ایری گیشن کے مطابق بھارت نے دریائے چناب کا پانی غیرقانونی طور پر دریائے چناب میں تعمیر شدہ بگلیہارڈیم پر روک رکھا ہے جس کی وجہ سے ایک ماہ قبل تک دریائے چناب کا پانی انتہائی کم سطح سات ہزار کیوسک تک آن پہنچا تھا اور دریائے چناب کا ایک بڑا حصہ خشک ہو چکا تھا لیکن حالیہ بارشوں کے بعد دریائے چناب میں بھارت نے پانی کی مقدار میں اضافہ ہوا تھا اور اب دوبارہ بھارت کی طرف سے دریائے چناب کا پانی روکے جانے کا سلسلہ جاری ہے جس سے سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں لاکھوں ایکڑ زرعی رقبہ کو نقصان پہنچ چکا ہے، محکمہ ایری گیشن کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈمرالہ سے نکلنے والی ایک نہر اپرچناب میں گیارہ ہزار پانچ سو پچاس کیوسک پانی اور دوسری نہر مرالہ راوی لنک میں اٹھارہ ہزار تین سو کیوسک پانی چھوڑا جارہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن