فیصل آباد: موٹر سائیکل سواروں نے تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر اسد معظم کے ڈیرے پر بیٹھے شخص کو چھرا مار کر زخمی کردیا
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) دو موٹرسائیکل سواروں نے پی پی 115 میں تحریک انصاف کے امیدوار کے ڈیرے میں داخل ہو کر سر میں چھرا مار کر ڈیرے پر بیٹھے چالیس سالہ شخص کو زخمی کر دیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تحریک انصاف کے سٹی آرگنائزر اور پی پی 115 جو کہ این اے 109 کا صوبائی اسمبلی کا ذیلی حلقہ ہے اس کے امیدوار ڈاکٹر اسد معظم کے ڈیرے پر دو نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد داخل ہوئے جنہوں نے چالیس سالہ زاہد ولد نور محمد جو کہ عبداللہ پور گلی نمبر48 کا رہائشی ہے اس کے سر پر چھرے سے وار کیا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اس دوران ڈاکٹر اسد معظم کے ڈیرے پر بھگدڑ مچ گئی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حملہ آور موٹرساـئیکل سوار فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم زخمی کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ پولیس کے مطابق وہ مصروف تفتیش ہے۔