• news

دیت کے مطالبات میں انتہا پسندی، سعودی حکومت نے رقم جمع کرنے کیلئے اشتہارات پر پابندی لگادی

ریاض (اے پی پی) سعودی عرب کے سیاسی، دینی اور سماجی قائدین نے مملکت بھر میں دیت کے مطالبات میں مبالغہ آرائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔سعودی اخبار کے مطابق اس رواج سے نمٹنے کیلئے ریڈیو،ٹی وی اور اخبارات سمیت سوشل میڈیا تک پر بحث مباحثے شروع کردیئے گئے ۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے دیت کی بھاری رقمیں جمع کرنے کیلئے مقامی ذرائع ابلاغ پر اشتہارات لینے اور شائع کرنے کی پابندی لگادی ہے۔ وزارت اطلاعات نے تمام اخبارات کو تحریری طور پر مطلع کیا ہے کہ دیت کے لئے عطیات جمع کرنے یا عطیہ دینے والوں کے نام یا اکائونٹ نمبر پر مشتمل کوئی بھی اشتہار شائع نہ کیا جائے۔ ایسی کوئی اطلاع اخبارات میں نہ دی جائے جس سے دیت کی حد سے زیادہ مطالبے کی حوصلہ افزائی ہوتی ہو۔ میڈیا کے نگران اعلیٰ محمد السیحبانی نے سعودی اخبارات ورسائل کے ایڈیٹران کو تاکید کی کہ وہ دیت کے غیر معمولی مطالبات کے منفی نتائج کی بابت آگہی مہم چلائیں۔

ای پیپر-دی نیشن