وفاداریاں بدلنے والے سیاستدان قوم کے اصل مجرم ہیں: ذکر اللہ مجاہد
لاہور (سپیشل رپورٹر) صدر متحدہ مجلس عمل و امیر جماعت اسلامی لاہور اور امیدوار پی پی 173 ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ عوام اپنے مسائل کے حل اور ملکی استحکام کیلئے آزمائے ہوئے لوگوںکے فریب سے باہر نکلیں اورالیکشن کو حق و باطل کا معرکہ سمجھ کر ایم ایم اے کی ایماندار قیادت کے ساتھ کھڑی ہو جائے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے پی پی 173 میں ڈور ٹو ڈورانتخابی مہم اور مختلف کارنرمیٹنگز میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹیا ں اور جھنڈے بدل کر الیکشن لڑنے والے کس طرح عوامی مسائل کا مداوا کر سکتے ہیں؟ جبکہ تمام مسائل ان ہی کرپٹ سیاستدانوں کے پیدا کردہ ہیں ، آج اگر پاکستان کے عوام مہنگائی ، بے روزگاری ، غربت کے اندھروں میں ڈوبی ہوئی ہے تو اس کے اصل مجرم یہی سیاست دان ہیں جو وفاداریاں بدل کر ایوانوں میں پہنچ جاتے ہیں۔