ہارلے سٹریٹ ہسپتال : نوازشریف اور انکا خاندان عام سے ویٹنگ روم میں پورا دن گزارتے ہیں
لندن (خصوصی رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف، انکی صاحبزادیاں مریم نواز، اسما نواز، صاحبزادے حسین نواز، حسن نواز اور سمدھی اسحاق ڈار سارا دن بیگم کلثوم نواز کی تیمار داری کے سلسلے میں ہارلے سٹریٹ ہسپتال کے عام سے ویٹنگ روم میں سارا دن بیٹھے رہتے ہیں اور ہر آدھے گھنٹے بعد ڈاکٹرز سے رابطہ کرکے صورتحال معلوم کرتے رہتے ہیں۔ اسما نواز گھر سے چائے بناکر لاتی ہیں۔ بیگم کلثوم نواز کی بیماری کے باعث نوازشریف کا کھانا پینا کم ہو گیا ہے تاہم وہ اپنے تمام بچوں کو اپنے قریب دیکھ کر کافی حد تک مطمئن بھی نظر آتے ہیں۔ نوازشریف بیگم کلثوم کے حوالے سے کافی فکر مند ہیں لیکن پاکستان آنے کیلئے مکمل طور پر پُرعزم ہیں۔ انکی دعا ہے کہ وہ جمعرات کی رات بیگم کلثوم سے سلام دعا کرکے پاکستان کا سفر شروع کریں تاہم ایسا نہ ہونے کی صورت میں بھی وہ پاکستان کی طرف عازم سفر ہونے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ ویٹنگ روم میں نوازشریف اور انکی فیملی دیگر مریضوں کے لواحقین سے بھی بات کرتی رہتی ہے اور انکے مریضوں کی خیریت دریافت کرتی رہتی ہے۔ کھانے کے وقت ویٹنگ روم میں موجود دوسرے مریضوں کے لواحقین کو بھی کھانا اور چائے کی دعوت دی جاتی ہے اس کے علاوہ ویٹنگ روم میں آنے والے ملاقاتی بچوں کو آئسکریم دی جاتی ہے اور گارڈز کو بھی کھانے اور چائے کی دعوت دی جاتی ہے۔ نوازشریف کا بہت سا وقت سبز رنگ کی تسبیح کرتے ہوئے بھی گزرتا ہے جبکہ مریم نواز قرآن پاک کی تلاوت کرتی رہتی ہیں۔
شریف خاندان/ ہسپتال