• news

پاکستان نے آسٹریلیا کو ہرا کر سہ ملکی ٹی 20 سیریز جیت لی

لاہور (سپورٹس ڈیسک) سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔ زمبابوے کے شہر ہرارے میں کھیلے گئے سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کیلئے 184 رنز کا ہدف دیا جو قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ آسٹریلیا کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے کیا تاہم صرف 2 کے مجموعے پر پاکستان کی 2 وکٹیں گرگئیں۔ اوپننگ کیلئے آنیوالے صاحبزادہ فرحان دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے سٹمپ آو¿ٹ ہوگئے جس کے بعد ون ڈاو¿ن آنے والے حسین طلعت بھی صفر پر کیچ تھما کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ 2 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی تاہم کپتان سرفراز احمد اور فخر زمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 45 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم سرفراز 28 رنز بناکر رن آو¿ٹ ہوگئے۔ سرفراز کے آو¿ٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور فخر زمان نے جارحانہ کھیل پیش کیا، دونوں کھلاڑی نے 107 رنز کی شراکت قائم کی تاہم فخر زمان ایک بار پھر اپنی سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے اور 91 رنز بناکر آو¿ٹ ہوگئے۔ شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 43 رنز بنائے۔ شعیب ملک اور فخر زمان کی جارحانہ اننگز کے باعث پاکستان نے آسٹریلیا کا 183 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔ گلین میکس ویل نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا ۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز ڈارسی شارٹ اور ایرون فنچ نے کیا، دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 95 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ ایرون فنچ نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 27 گیندوں پر 47 رنز بنائے تاہم وہ شاداب خان کی گیند پر صاحبزادہ فرحان کو کیچ دے بیٹھے۔ ڈارسی شارٹ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 76 رنز بنائے اور آو¿ٹ ہوگئے۔ اوپنرز کے آو¿ٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کا کوئی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہ کھڑا رہ سکا اور مقررہ اوورز میں آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔محمد عامر نے تین ‘شاداب خان نے دو‘ فہیم اشرف ‘ حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کوآﺅٹ کیا۔ فخر زمان کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو زمبابوے میں سہ ملکی ٹی 20 سیریز جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو سہ ملکی سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دیکر سیریز ٹرافی لفٹ کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی قوم پرامن ہے اور کھیلوں سے محبت کرنے والی ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے بھی ٹی ٹو نٹی سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پیغام میں کہا کہ قومی ٹیم نے آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دیکر برتری ثابت کردی۔ کپتان سمیت تمام کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی قومی ٹیم کو سیریز جیتنے پر مبارکباد دی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے بھی پاکستان کی ٹی 20 سیریزمیں جیت پر مبارکباد سامنے آئی ہے۔واضح رہے کہ سرفراز احمد کی کپتانی میں قومی ٹیم نے نویں لگاتار ٹی ٹونٹی سیریز اپنے نا م کی ہے جبکہ پاکستان نے 28سال بعد آسٹریلیا کو کسی فائنل میں شکست دی ہے اس سے قبل 8بارپاکستان فائنل میں آسٹریلیا سے ہار چکا ہے۔ اس طرح پاکستان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھی پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ میچ کے لیے پاکستان نے اوپنر حارث سہیل کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو جگہ دی ہے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے ڈارسی شارٹ ٹیم میں واپس آئے۔قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو زمبابوے میں ٹرائی سیریز میں شاندار کامیابی اور آسٹریلیا کو شکست دینے پر مبارکباد دی ہے۔ پیغام میں قائم مقام صدر نے کہا کہ کامیابی ٹیم ورک اور سخت محنت کا نتیجہ ہے۔ پوری قوم پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر انتہائی خوش ہے۔اور ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم آئندہ بھی اس شاندار کھیل کا مظاہرہ جاری رکھے گی۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ سید علی ظفر نے بھی قومی کرکٹ ٹیم اور پوری قوم کو مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے کہا امید ہے قومی ٹیم مستقبل میں اسی جذبہ کے ساتھ کھیل کر اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھے گی۔ قومی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ، پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔پاکستان نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں بڑا ہدف حاصل کر کے نیا ملکی ریکارڈ قائم کر دیا۔ سہ فریقی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز فائنل میں 184 رنز کا ہدف حاصل کر کے یہ کارنامہ انجام دیا، اس سے قبل پاکستان نے 2012ءمیں بنگلہ دیش کے خلاف 178 رنز کا ہدف حاصل کر کے بڑا ہدف حاصل کر کے ملکی ریکارڈ قائم کیا تھا۔


کرکٹ میچ

ای پیپر-دی نیشن