پی ٹی آئی کارکنوں کا لندن فلیٹس کے باہر مظاہرہ‘ نوازشریف کی گاڑی پر حملہ‘ حسین نواز کے گھر کا دروازہ توڑنے کی کوشش
لندن (نوائے وقت رپورٹ) لندن میں ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق مظاہرے کے دوران مظاہرین نے حسین نواز کے فلیٹ کا دروازہ توڑنے کی کوشش کی۔ مظاہرین نے نواز شریف کے گھر میں داخلے کے وقت احتجاج کیا اور اعجاز گل پر ٹرالی بھی پھینکی۔ نواز شریف ہارلے کلینک سے گھر آئے تو دو درجن سے زائد پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے نواز شریف کی گاڑی پر بھی حملہ کیا۔ گاڑی کو پچھلے دروازے سے لایا گیا تو مظاہرین نے دوبارہ حملہ کر دیا اور ٹانگیں مار مار کر دروازہ توڑنے کی کوشش کی۔ مظاہرین نے نواز شریف کے گھر میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی۔ پولیس واقعہ کی اطلاع ملنے پر پہنچ گئی اور مظاہرین کی گاڑیوں کی تلاشی لی۔ برطانوی پولیس کے مطابق مظاہرین کے پاس اسلحہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پراپرٹی کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ تفتیش جاری ہے۔ حملے کے حوالے سے قانونی کارروائی کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ اس حملے کے بعد تشدد، قانون شکنی کے حوالے سے پاکستانیوں کے بارے میں برا تاثر پیدا ہوا ہے۔
لندن/ حملہ