برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی: سردار مسعود
ٹورنٹو (اے این این )صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ برہان وانی کا مشن پوری آب و تاب سے جاری و ساری ہے۔ تحریک آزادی کشمیر اور حق خودارادیت کے حصول کے لئے اس کی شہادت نے مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں میں آزادی کی نئی روح پھونک دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر نے ٹورنٹو کینیڈا میں برہان وانی کی دوسری برسی کے موقع پر کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کشمیر ویلفیئر سوسائٹی اور فرینڈز آف کشمیر کمیٹی نے کیا تھا۔ جس میں کثیر تعداد میں کینیڈین شہریوں اور پاکستانی و کشمیری نژاد تارکین وطن نے شرکت کی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ برہان کی شہادت سے تحریک آزادی کشمیر کا عٰلم اب مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں نے اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور اس حقیقت کا ادراک حال ہی میں جاری ہونے والی اقوام متحدہ کہ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔صدر مسعود خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر ابتدائی مرحلے میں کیے جانے والے غورغوض اور بحث و مباحثے میں کینیڈا کے جنرل نے اپنی پوری ذمہ داری اور صلاحیتوں سے اس مسئلے کے حل کے لئے متحرک کردار ادا کیا تھا اور 22دسمبر 1949ء کو ایک غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی تجویز دی تھی۔ آج اس مرحلے میں جب کہ ہندوستانی افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے ۔ پاکستان اور کشمیر کے لوگوں کو کینیڈا سے بہت امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ بین الاقوامی فورمز پر ان کی آواز کو اٹھائے گا اور ہندوستانی جبر و استبداد کو دنیا کے سامنے عیاں کرے گا اور اس مسئلے کے منصفانہ، پائیدار اور جمہوری حل کے لئے دنیا سے بات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو تشدد کا راستہ ترک کر کے ڈپلومیسی کے ذریعے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی جانب سے دئیے گے سیاسی اصولوں کے مطابق مسئلہ حل کرنا چاہیے۔