عوام کو موجودہ تشویشناک حالات سے نکالنا وقت کی ضرورت ہے: آفتاب شیرپائو
پشاور (بیورو رپورٹ) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ ملک میں پر امن سیاسی ماحول کے قیام کیلئے متحد ہو نا اور عوام کو موجودہ تشویشناک حالات سے نکالنے کیلئے کوشش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ آنے والے انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے اپنا کردار ادا کرے تاکہ عوام اپنے ووٹ کے ذریعے اپنے لئے موزوں امیدواروں کا انتخاب کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور کے حلقہPK-67اور تحصیل تنگی کے علاقہ شوڈاگ میں انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفتاب شیرپائو نے ملک میں جاری موجودہ سیاسی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں مرکزی سطح پر پولیٹیکل پوائنٹ سکورنگ اور ذاتی مفادات کی خاطر ایک دوسرے کے ساتھ دست و گریباں ہیں جن کو عوامی مسائل کے حل سے کوئی سروکار نہیں ۔انھوں نے کہا کہ نان ایشوز کی وجہ سے اہم قومی مسائل پس پشت چلے گئے ہیں جس نے عوام کو مزید مایوسیوں کی طرف دھکیل دیا۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت نے برائے نام تبدیلی کا ڈھنڈورا پیٹا جبکہ در حقیقت امن و امان اور عوام کی تحفظ کے وعدے دم توڑ گئے ۔انھوں نے پختونوں پر زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ اپنی بقا کی خاطر متحد ہوکر اٹھ کھڑے ہوں تاکہ اپنے حقوق کا حصول اور تحفظ کو یقینی بناسکے۔انھوں نے کہا کہ پختون قوم اس وقت تاریخ کے سخت ترین مرحلے سے گزر رہے ہیں اور اگر وہ متحد نہ ہوئے تو وہ مزید تاریکیوں کی طرف چلے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ پختون قوم آج حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پریشانیوں کا شکار ہیں ۔پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پختون قوم کو آج صوبہ میں ناتجربہ کار اور نااہل حکمرانوں کی وجہ سے سماجی،سیاسی اور معاشی مسائل کا سامنا ہے اور وہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے پختونوں سے صوبہ میں تبدیلی کے نام پر ووٹ لئے لیکن اقتدارمیںآکر ان کو بھول گئے ۔